ظہیرآباد میں آج اجتماعی شادیوں کی تقریب

ظہیرآباد /13 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس مسلم کور کمیٹی ظہیرآباد کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول بروز منگل میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر جدید عیدگاہ میدان میں صبح دس بجے نادار مسلم لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کا پروگرام منعقد ہوگا ۔ جس میں ریاستی وزیر بھاری مصنوعات ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، رکن لوک سبھا سریش کمار شیٹکار ، سابق ریاستی وزیر محمد فریدالدین ، صدرنشین ڈسٹرکٹ سنٹرل کوآپریٹیو سوسائٹی جئے پال ریڈی کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین شرکت کریں گے ۔ جبکہ عاقدین کیلئے ضروریات زندگی سے متعلق تمام ساز و سامان کے علاوہ شرکاء کیلئے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ اس امر کا انکشاف الحاج محمد غوث الدین غوری صدر کانگریس مسلم کور کمیٹی ظہیرآباد نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلم کور کمیٹی کے اراکین نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کا دورہ کرتے ہوئے نادار مسلم لڑکیوں کے خاندان سے ربط پیدا کیا اور رشتے طئے ہونے کی صورت میں ان کی لڑکیوں کی شادیوں کی ذمہ داری اپنے سر لینے کا وعدہ کیا تھا جس کے رد عمل کے طور پر مواضعات ستوار ، ڈیڈگی ، ہوتی خورنہ ، دیگوال کے علاوہ فریدنگر کالونی ، رام نگر کالونی ، بھارت نگر اور محلہ گڑھی میں رہائش پذیر دس نادار مسلم خاندانوں نے اپنی لڑکیوں کی شادی کرانے کیلئے اپنی رضامندی ظاہر کی اور اپنی لڑکیوں کے رشتے طئے کرنے کا فریضہ انجام دے کر مذکورہ کمیٹی سے رجوع ہوئے ۔

حسب وعدہ مذکورہ کمیٹی نے ان نادار مسلم لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا اور اس کی عمل آوری کیلئے 12 ربیع الاول کے مبارک و مسعود دن کا انتخاب کیا ۔ انہوں نے مجوزہ پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایجاب و قبول کی کارروائی صبح دس بجے مسجد بغدادیؒ میں دولہوں کیلئے جبکہ دولہنوں کیلئے پٹیل گارڈن فنکشن ہال میں انجام دی جائے گی ۔ اس موقع پر قاضی صاحب کی فیس بھی کمیٹی کی جانب سے ادا کی جائے گی ۔ اس کے بعد مردوں کیلئے عیدگاہ میدان میں اور خواتین کیلئے پٹیل گارڈن فنکشن ہال میں طعام کا انتظام کیا جارہا ہے۔ تمام دولہنوں کو وداعی کے موقع پر کمیٹی کی جانب سے قرآن شریف ، ریحال ، جائے نماز ، پلنگ معہ بستر و مچھردان ، الماری ، سنگھاردان ، کپڑوں کے پانچ جوڑوں کے علاوہ ضروریات زندگی سے متعلق دیگر ساز و سامان دئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ مخیر حضرات کی جانب سے بھی عاقدین کیلئے سیلنگ فیان ، گرینڈ ، سوٹ کیس ، برتن رکھنے کا اسٹانڈ ، کرسیاں ، کپڑے اور دیگر اشیاء بھی تحفے میں دئے جائیں گے ۔ دولہوں اور دولہنوں کے رشتہ داروں کی آمد و رفت کے علاوہ دولہوں اور دولہنوں کیلئے پھولوں کا انتظام بھی کمیٹی کی جانب سے کیا گیا ہے ۔

صدر کانگریس مسلم کور کمیٹی الحاج محمد غوث الدین غوری نے مزید بتایا کہ مجوزہ اجتماعی شادیوں میں شرکت کیلئے بلا لحاظ جماعت وابستگی تمام سیاسی و غیر سیاسی تنظیموں کے قائدین کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلم کور کمیٹی کے دیگر عہدیداران محمد فاروق علی ، خواجہ معین الدین ، بشیر احمد شاہ علی ، محمد حسام الدین ، گورے میاں سکندر ، شیخ وحید ، اختر حسین ، ایم اے علیم ، محمد ماجد اور اس کے زائد از دیڑھ سو اراکین کی انتھک کاوشوں کے نتیجہ میں مجوزہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے ۔