ظہیرآباد میںآج 133 واں یوم تاسیس

ظہیرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی ظہیرآباد کی جانب سے 28 ڈسمبر کو 10-30 بجے دن پارٹی آفس سبھاش گنج میں کانگریس پارٹی کا 133 واں یوم تاسیس منایا جائے گا۔ صدر کانگریس ظہیرآباد ٹاؤن کڈیم نرسملو نے اپنے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا کہ کانگریس ملک کی سب سے قدیم سیاسی پارٹی ہے جس کا قیام 28 ڈسمبر 1885 ء کو عمل میں لایا گیا تھا اور جس نے نہ صرف یہ کہ ملک کی آزادی میں نمایاں رول ادا کیا تھا بلکہ آزادی کے بعد زمام اقتدار سنبھالتے ہوئے ملک کو ترقی پذیر ملکوں کی صف میں شامل کردیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کانگریس پارٹی صدر کل ہند کانگریس کمیٹی رہول گاندھی کی قیادت میں یوم تاسیس منانے جارہی ہے۔ اس موقع پر تمام سرکردہ قائدین و سرگرم کارکنوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ وقت مقررہ سے قبل پارٹی آفس پہنچیں اور اس ضمن میں منعقد شدنی یوم تاسیس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیابی سے ہمکنار کریں۔

 

سرسلہ میں خاتون کی خودکشی
گمبھی راؤ پیٹ۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ میں 40 سالہ شادی شدہ خاتون جی لتا نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ اشوک نگر کی اس خاتون کی شادی 1992میں سرسلہ کے تلسی داس سے ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ تلسی داس بطور قرض سود سے رقم حاصل کرتے ہوئے کاروبار کیا تھا جبکہ کاروبار میں نقصان ہوا اور وہ قرض والی زندگی میں مبتلاء ہوکر پریشان تھا جس کی وجہ ان پریشانیوں والی زندگی سے تنگ آکر لتا نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔

دلت لڑکی کی عصمت ریزی
شاہ آباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجو الگور رکن اسمبلی و دلت لیڈر نے دلت لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ میں ہندو تنظیموں سے وابستہ غیر سماجی عناصر کے ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان مبینہ ملزمین کے بی جے پی اور تنگ نظر ہندو قائدین کے ہمراہ فوٹوز موجود ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر الگور نے سائبر کرائم سے اس معاملہ کی جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا۔