ظہیرآباد ۔ 24۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد کی جنرل باڈی کے آج یہاں منعقدہ اجلاس میں مواضعات میں وظائف کی تقسیم میں کسی قسم کی بدعنوانی اور زرعی کھاد کو مقررہ سے زیادہ داموں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ۔ سال رواں ظہیرآباد منڈل پرجاپریشد کیلئے منعقدہ انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے جنرل باڈی کے اجلاس کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے ایم پی ڈی او رام بابو نے استفادہ کنندگان تک وظائف کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ وظائف ، مواضعات میں مقررہ تواریخ پر ہی متعلقہ سرپنچوں کی موجودگی میں تقسیم کئے جانے چاہیں ۔ انہوں نے زرعی کھاد کی مقررہ سے زیادہ داموں پر فروخت کئے جانے سے متعلق شکایتوں کے ازالہ کیلئے سخت کارروائی کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے ہمارا گاوں اور ہمارا منصوبہ پروگرام کے تحت عوامی منتخب نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کی منظوری کیلئے سیاسی حکومت کو روانہ کرنے کا تیقن دیا ۔ زیڈ پی ٹی سی رکن کشن پوار نے کہا کہ بورویلوں کے پانی سے استفادہ کرنے والے مواضعات میں سربراہی آب کیلئے پائپ لائن بچھانے کا کام اسی صورت میں کرنا چاہئے جبکہ ان مواضعات کی زمینوں کے نیچے وافر مقدار میں پانی کی دستیابی کا یقین ہو ۔ اجلاس میں 22 مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے ان کی جانب سے انجام دیئے جارہے کاموں سے شرکاء کو واقف کرایا اور شرکا کی جانب سے کی گئی شکایتوں کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا تیقن بھی دیا ۔ صدر منڈل پرجاپریشد چرنجیوی پرساد کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں مانک ریڈی نائب صدر کے بشمول و دیگر اراکین منڈل پریشد اور 33 گرام پنچایتوں کے سرپنچوں نے شرکت کی ۔