ظہیرآباد بلدیہ سے 27پرچہ نامزدگیاں

ظہیرآباد۔/12مارچ ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدی انتخابات کے ضمن میں آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کے تیسرے دن جملہ 20 پرچہ نامزدگیاں داخل کی گئیں جن میں کانگریس کے 9 ، ٹی آر ایس کے 8اور 3آزاد امیدوار شامل ہیں۔ کانگریس کے امیدواروں کی حیثیت سے وارڈ نمبر 9سے محمد جعفر، وارڈ نمبر 23سے معراج بیگم، اسی وارڈ سے ہی صبا فردوس، وارڈ نمبر 16سے اشوک کمار سیری، وارڈنمبر 17سے مالن بی، وارڈ نمبر 5سے لکشمی، اسی وارڈ سے مہیپال ریڈی، وارڈ نمبر 6سے رضیہ بیگم، وارڈ نمبر 8سے محمد خواجہ میاں نے آج پرچہ جات نامزدگی داخل کیں جبکہ ٹی آر ایس کے امیدواروں کی حیثیت سے وارڈ نمبر 9سے محمد مہتاب، وارڈ نمبر 24سے بروردتاتری، وارڈ نمبر 13سے رنگماں، وارڈ نمبر 16سے مہیش، وارڈ نمبر4 سے کے سویتا، اسی وارڈ سے اے چندر کلا، وارڈ نمبر 5سے وائی سریکانت، وارڈ نمبر 8سے محمد معز الدین اور آزاد امیدواروں کی حیثیت سے وارڈ نمبر 11سے جی شیام راؤ، اسی وارڈ سے کے ناگیش، وارڈ نمبر1 سے ایس رادھیکا نے پرچہ جات نامزدگی داخل کیں۔ اس طرح 24رکنی بلدیہ کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 10تا12مارچ جملہ 27 پرچہ جات نامزدگیاں داخل کی گئیں۔

ضلع نظام آباد میں
ایک کروڑ38لاکھ روپئے ضبط
نظام آباد: 12؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد میں انتخابی اعلامیہ کے اجرائی کے بعد سے اب تک نظام آباد رینج میں 1,38,11,240 روپئے ضبط کئے گئے ہیں۔ رینج ڈی آئی جی نظام آباد مسٹر سوریہ نارائنا نے بتایا کہ نظام آباد، میدک اضلاع میں 3 مارچ سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ہی دونوں اضلاع کے علاقوں میں 39چیک پوسٹ اور 9 بین ریاستی چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے چیک پوسٹ سے گذرنے والی ہرگاڑی کی تلاشی لی جارہی ہے اور رقم منتقل کرنے پر ضبط کرلیا جارہا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد 50 ہزارسے زائد رقم ساتھ نہیں رکھی جاسکتی اس کے باوجود بھی بڑے پیمانے پر رقم لے جائی جارہی ہے جس کی وجہ سے 1.38کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ہیں اس کے علاوہ 1627 شراب کی بوتلیں، 24 کیلو 512 گرام چاندی، ایک کیلو گانجہ اور 3اسلحہ کو ضبط کیا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کے بعد عوام کو اطلاع دی گئی کہ بڑی مقدار کی رقم اپنے ساتھ نہ رکھیں، اس کے باوجود بھی اپنی حرکتوں سے باز نہ آنے کی صورت میں رقم کو ضبط کرلیا جائیگا اور اس رقم کو انکم ٹیکس کے حوالے کیا جارہا ہے۔