شرفی چمن میں جشن میلاد رحمتہ اللعالمینؐ،ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی و دیگر کے خطابات
حیدرآباد ۔ 18 جنوری ( پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ جملہ نعمتیں قابل قدر اور عظیم البرکات و نیز بجاے خود رحمت ہیں اور ان میں سب سے بڑی نعمت حضور صاحب قرآن خاتم النبیین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی جلوہ گری و ظہور قدسی ہے حضور اکرم ؐ کی ذات اقدس و اعلیٰ کو اللہ تعالیٰ نے سارے جہانوں کے لئے رحمت ہی بنا کر بھیجا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا کلام پاک قرآن مجید حضور اکرمؐ کے سینہ اطہر پر نازل فرمایا۔ ظہور اقدس کا مقصد ساری انسانیت کی ہدایت ہے انسانوں کی ہدایت کا یہ انتظام عین رحمت ہے ۔ ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کرتے ہوے سادات محترم، مشائخ عظام، علمائے کرام، دانشوران گرامی اور ریسرچ اسکالرس نے حمیدیہ شرفی چمن میں منعقدہ عظیم البرکات جشن میلاد رحمۃ للعلمین ؐ کے موقع پر عاشقان رسالت مآب ؐ کے کثیر اجتماع سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے نگرانی کے فرائض انجام دئیے۔قرآء ت کلام پاک سے جشن میلاد کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور بزبان انگریزی اپنے خطاب میں کہا کہ ذکر ولادت صاحب قرآن صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے متعلق سب کا اتفاق ہے خود قرآن مجید میں حضور اقدس ؐ کے بھیجے جانے اور دنیاے انسانیت کی ہدایت کے لئے خاتم النبیین بن کر انسانوں کے درمیان رونق افروز ہونے کا نورانی ذکر ہے جو بجاے خود بڑے دلائل ہیں۔ مولانا سید شاہ محمد کاظم محی الدین قادری شرفی نے حیات طیبہ کے مکی و مدنی ادوار کے واقعات کے حوالہ سے یہ بتایا کہ دعوت و تبلیغ کے ضمن میں سب سے بڑا اثر حضور انور ؐکے حسن اخلاق اور پاکیزہ کردار اقدس کا تھا۔ حضور اکرم ؐ نے سخت ترین مخالفانہ ماحول میں نہایت عزم و یقین و توکل کے ساتھ پیغام حق پہنچایا اور ہر گھر اور ہر دل میں توحید کی شمع روشن فرمادی۔ڈاکٹر سید شاہ محمد عبد المعز قادری شرفی نے کہا کہ حضور رحمۃللعلمین ؐ کی رحمت کا تعلق دنیا و آخرت دونوں سے ہے آخرت میں حضور اقدسؐ کی رحمت بصورت شفاعت رہے گی ۔ مولانا سید شاہ محمد حسینی پیر قادری طاہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور انور ؐ کو معراج شریف، کثرت امت، جوامع الکلم، رسالت عامہ اور تمام انبیاء و مرسلین پر فضیلت عطا فرمائی اسوئہ حسنہ پر عمل پیرائی کی عملی و مخلصانہ ترغیب میلاد النبیؐ کے محافل مبارکہ کا مقصد ہے۔مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ نے کہا کہ ایمان، عبادات، قانون، حقوق جان، مال اور عزت کے تحفظ کے بارے میں مساوات کا درس دے کر واضح فرما دیا کہ خالق و معبود حقیقی کی عبادت اور مخلوق کے ساتھ بہتر معاملات اور ان کے حقوق کی ادائیگی و نیز اچھے اخلاق و آداب ہیں۔جناب سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے کہا کہ جو لوگ اتباع رسول ؐ میں کامل ہوتے ہیں وہی اللہ تعالیٰ کے سچے فرمانبردار ہوتے ہیں ۔ قرآن و سنت کے پیام کو تمام انسانوں تک پہنچانا خیر الامم کی اولین ذمہ داری ہے۔نگران جشن ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ؐ کی پہچان نور اور رحمت کے ساتھ خاص فرمادی ہے۔ حضور اقدس ؐ نور ہی نور اور سارے عالموں کے لئے رحمت ہیں خاتم النبیین سید البشر کی حیثیت سے حضور اکرمؐ کی رونق افروزی اللہ تعالیٰ کا بندوں پر احسان عظیم ہے۔ حضور اقدسؐ کی تعلیمات مبارکہ کا سرنامہ توحید ہے۔ اللہ وحدہ لاشریک معبود حقیقی کی عبادت اور اطاعت، حقوق کی ادائیگی، فرائض کی تکمیل، عمدہ معاملات، اعلیٰ اخلاق، صداقت و امانت داری، نیکی و بھلائی اور احترام آدمیت رسولؐ اللہ کی روشن و منور تعلیمات ہیں۔