ظلم کا شکار خواتین کو بھروسہ سنٹر سے رجوع ہونے کا مشورہ: وی سی سجنار

حیدرآباد /15 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی و ہراسانی پر بھروسہ سنٹر ان کی مدد کرے گا ۔ بھروسہ سنٹر کے ذریعہ خواتین اپنی تکالیف و ناانصافیوں کے خلاف رجوع ہوسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کیا جو آج بھروسہ سنٹر کا افتتاح انجام دے رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھروسہ سنٹر اور شی ٹیم سنٹر ایک ہی وجہ سے کام کریں گے اور بہت جلد مستقل عمارت کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی پی کی خواہش اور ہدایت کے مطابق سائبرآباد پولیس سے اقدامات انجام دئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس سنٹر کے قیام میں تعاون پیش کرنے والے سابق کلکٹر اور موجودہ کلکٹر دونوں کا شکریہ ادا کیا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ بھروسہ سنٹر اور شی ٹیم سنٹروں کے ساتھ سائبر کرائم سنٹر کو بھی ایک ساتھ رکھا جائے گا اور علاقہ گچی باؤلی میں مستقل عمارت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بھروسہ سنٹر نے ملک بھر میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے ۔ انہوں نے سائبرآباد شی ٹیم ، بھروسہ سنٹر کے عملہ سے خواہش کی کہ وہ اس نام کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کیلئے مشعل راہ بنیں ۔