حیدرآباد۔/5نومبر، ( سیاست نیوز) فینانسر کی مبینہ ہراسانیوں اور مار پیٹ سے تنگ آکر ایک مقروض شخص نے فینانسر پر حملہ کردیا۔ چاقو سے وار کرتے ہوئے مکرم نے ارشد کو شدید زخمی کردیا۔ یہ واقعہ پنجہ گٹہ کے علاقہ مدار صاحب مقطہ میں پیش آیا جہاں مکرم نے فینانسر ارشد پر حملہ کردیا۔ پولیس پنجہ گٹہ نے فینانسر کا نام ارشد بتایا۔ مکرم ایک چکن سنٹر میں کام کرتا ہے اور اس نے ارشد سے تین ہزار روپئے بطور قرض زائد سود پر حاصل کیا تھا اور ضمانت کے طور پر اپنی گاڑی کے کاغذات بھی دیئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ پانچ دنوں سے ارشد مکرم پر دباؤ ڈال رہا تھا کہ وہ فوری رقم ادا کردے تاہم مکرم ٹال رہا تھا۔ پیر کے دن ارشد نے اپنے حامیوں کے ہمراہ مکرم کی نکلس روڈ پر پٹائی کردی تھی۔ اس بات سے غصہ کا شکار مکرم ارشد کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا کل فینانسر ارشد مکرم کی دکان پہنچا اور رقم کیلئے دباؤ ڈالنے لگا۔ اسی دوران مکرم نے فینانسر ارشد پر چاقو سے حملہ کردیا۔ تاہم مقامی افراد نے مداخلت کرتے ہوئے مکرم کو پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر موہن کمار نے بتایا کہ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ حال ہی میں پرانے شہر کے کئی علاقوں میں آٹو ڈرائیورس اور قرض لینے والے دوسرے افراد پر فینانسرس کے مظالم اور زدوکوب کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔