ظفر انصاری پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

زخمی کھلاڑی کی جگہ سمت پٹیل شامل ۔ انگلینڈ کے اسکواڈ کا اعلان
لندن ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کھلاڑی ظفر انصاری کا پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی نمائندگی کا خواب ادھورا رہ گیا اور وہ چوٹ کے سبب پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ نے ظفر کی جگہ سمت پٹیل کو اسکواڈ کا حصہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ پانچ ٹسٹ کھیلنے والے پٹیل نے آخری بار 2012ء میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 13 اکتوبر کو ابو ظہبی میں ہو گا۔ پہلی مرتبہ انگلینڈ کے عبوری اسکواڈ میں منتخب ہونے والے ظفر انصاری گزشتہ ہفتے انگلش کاؤنٹی چمپئن شپ کے میچ میں سرے کی نمائندگی کرتے ہوئے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ انگلینڈ کے نیشنل سلیکٹر جیمز وائٹ ٹیکر نے کہا کہ ٹور سے باہر ہونے پر ظفر بہت مایوس ہیں، ہمیںامید ہے کہ وہ چوٹ سے صحت یاب ہو کر جلد انگلش اسکواڈ میں جگہ بنا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمت پٹیل دراصل ظفر ہی کی طرح اسپنر اور مڈل آرڈر بلے باز ہیں اور انگلینڈ کیلئے برصغیر میں ان کا تجربہ متحدہ عرب امارات میں ٹیم کیلئے بڑا اثاثہ ثابت ہو گا۔ انگلینڈ کی ٹیم تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے بعد چار او ڈی آئیز اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی پاکستان کے مدمقابل ہو گی۔ سیریز کیلئے انگلینڈ کا نظرثانی شدہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: السٹیر کک(کپتان)، جو روٹ، جیمز اینڈرسن، جونی بیئر سٹو، ایان بیل، اسٹوارٹ براڈ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، معین علی، سمت پٹیل، لیام پلنکٹ، عادل رشید، بن اسٹوکس، جیمز ٹیلر اور مارک ووڈ۔