طلائی زیورات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام
شمس آباد ۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس عہدیداروں نے آج دو علحدہ اوقات میں 5 مسافرین کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 1.705 کیلو سونا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب رات تقریباً ایک بجے بینکاک سے تھائی ایرویز فلائیٹ نمبر TG2925 سے دو مسافر جئے نریش لچمن داس اور کے کملیش بھگوان داس ساکن ممبئی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد پر ان کی تلاشی لینے پر دونوں کے جوتوں میں سے سونا برآمد ہوا، جئے نریش کے قبضہ سے 427 گرام سونے کے بسکٹ جن کی مالیت 12,77,157 روپئے اور کملیش بھگوان داس کے قبضہ سے 244 گرام سونے کے بسکٹ جن کی مالیت 7,29,804 روپئے کو ضبط کرلیا گیا۔ ایک اور فلائیٹ دبئی سے ایرانڈیا فلائیٹ نمبر AI-952 کے ذریعہ تین مسافرین کو بھی سونے کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا
جن میں رضوان عثمان ساکن ممبئی کے قبضہ سے 449 گرام سونا جس کی مالیت 13,91,900 روپئے، محمد مفا خان الدین کے قبضہ سے سونے کی چین اور ہاتھ کے کڑے 292 گرام جس کی مالیت 9,05,200 روپئے اور محمد احتشام الدین کے قبضہ سے سونے کی چین اور ہاتھ کے کڑے 293 گرام جس کی مالیت 9,08,300 روپئے کو ضبط کرلیا گیا۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس اسسٹنٹ کمشنر اے دھلیبن کی قیادت میں میر انور محی الدین ایرکسٹمس سپرنٹنڈنٹ اور ایئرکسٹمس ٹیم نے پانچوں مسافرین کو گرفتار کرکے جملہ 1.705 کیلو سونا جن کی مالیت 52,12,361 روپئے کو ضبط کرتے ہوئے پانچوں مسافرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔