طوفان’ فانی‘ میں شدت، اڈیشہ اور کیرالا میں ہائی الرٹ

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے فوری بعد حکومت حرکت میں آگئی ہے اور اس نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور انڈین پوسٹ گارڈ کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ طوفان فانی کے شدت اختیار کرجانے کا امکان ہے۔ جنوب مغربی حصہ اور اِس سے متصل جنوب مغربی خلیج بنگال میں طوفان کی شدت بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں کی رفتار فی گھنٹہ 23 کیلو میٹر ریکارڈ کی گئی اور آئندہ چند گھنٹوں میں طوفانی ہواؤں کی شدت میں فی گھنٹہ 670 کیلو میٹر ہونے کا امکان ہے۔ وشاکھاپٹنم کے جنوب مشرقی حصے میں طوفان کی شدت دیکھی جارہی ہے۔ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران یکم مئی کی شام تک ساحلی اڈیشہ سے یہ طوفان ٹکرا جائے گا۔ اِس کے بعد 3 مئی کی دوپہر تک طوفان کی شدت بتدریج کم ہوگی اور فی گھنٹہ 170-180 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ طوفان کی شدت کی وجہ سے تلنگانہ میں ژالہ باری کے ساتھ یا اوسط درجہ کی بارش ہوسکتی ہے۔ حیدرآباد میں بھی ہلکی یا شدید بارش کا امکان ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری اور اقل ترین 29 ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا۔اسی دوران تلنگانہ کے بعض حصوں میں بارش ہوئی۔ ضلع کاماریڈی میں 2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ عادل آباد میں سب سے زیادہ گرمی کی لہر چل رہی ہے جہاں 45.3 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔