طوفان تتلی اڈیشہ کا ساحل پار کرگیا، کوئی جانی نقصان نہیں

13 این ڈی آر ایف اور اڈیشہ کی سریع الحرکت فورس متاثرہ علاقوں میں تعینات ، چیف منسٹر کے احکام
بھوبنیشور 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان تتلی جس نے آج علی الصبح درختوں کو جڑ سے اُکھاڑ دیا اور برقی ستونوں کو گرادیا۔ کئی جھونپڑ پٹی علاقوں کو تباہ کردیا۔ اڈیشہ کے گنجام اور گجپتی اضلاع سے گزر گیا، کسی جانی نقصان کی کسی علاقہ سے کوئی اطلاع نہیں ملی۔ شدید سمندری طوفان تتلی نے 8 اضلاع گنجام، گجپتی، کھردا، پوری، جگت سنگھ پور، کیندر پاڑہ، بھدرک اور بلسور کو متاثر کیا۔ خصوصی راحت کمشنر بی پی سیٹھی نے کہاکہ یہ شدید سمندری طوفان تتلی تھا۔ سمندری طوفان کے زیراثر زبردست بارش گنجام، گجپتی اور پوری اضلاع میں دیکھی گئی۔ برقی سربراہی اور مواصلات متاثر ہوئے۔ کسی بڑی تباہی یا جانی نقصان کی ریاست کے کسی بھی علاقہ سے تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم درختوں کے جڑوں سے اُکھڑ جانے اور برقی ستونوں کے گرجانے، جھونپڑ پٹی کے علاقوں کی تباہی کی اطلاعات اضلاع گنجام اور گجپتی سے وصول ہوئیں۔ برقی سربراہی اور ٹیلیفون روابط میں خلل اندازی ہوئی۔ سڑک کے ذریعہ مواصلات میں جڑوں سے اُکھڑ جانے والے درختوں کی وجہ سے کئی مقامات پر خلل پڑا۔ سڑکوں کو جڑ سے اُکھڑ جانے والے درختوں اور برقی سربراہی کے ستونوں سے صاف کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ بحالی کے کام صورتحال بہتر ہوتے ہی شروع کردیئے جائیں۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو طوفان سے متاثرہ عوام کو راحت رسانی اشیاء فراہم کرنے کے احکام دیئے۔ اُنھوں نے دو اور این ڈی آر ایف ٹیمیں جگپتی اور گنجام اضلاع کو روانہ کرنے کا بھی حکم دیا جہاں سڑکوں، جھونپڑ پٹیوں، برقی اور ٹیلیفون ستونوں کو شدید نقصان پہونچا ہے۔ چیف سکریٹری اے پی پاڈھی نے اطلاع دی کہ نقصان اندیشہ سے کم ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام بلاک ہیڈکوارٹرس ضلع گجپتی نے متاثر ہوئے کیوں کہ سڑکیں جڑوں سے اُکھڑے ہوئے درختوں اور ٹوٹی ہوئی شاخوں سے بھری ہوئی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے 3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر روانہ کردیا ہے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بے گھر افراد کو 1112 پناہ گاہوں میں رکھا گیا ہے۔ غذائی اور صفائی کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ 105 حاملہ خواتین ضلع گنجام میں اور 18 جگت سنگھ پور ضلع میں دستیاب ہوئیں جنھیں دواخانوں میں شریک کردیا گیا ہے۔ خوردا روڈ پر ٹرین خدمات متاثر ہوئیں۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے کے پی آر او جے پی مشرا نے ٹرین خدمات کی عاجلانہ بحالی اور آج شام تک بحالی کی اُمید ظاہر کی ہے۔ ریلوے اسٹیشن عمارتوں کو چند مقامات پر نقصان پہونچا۔ گنجام میں اطلاعات کے بموجب جھونپڑ پٹی علاقوں اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہونچا کیوں کہ درخت جڑوں سے اُکھڑ کر گر پڑے تھے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے بموجب سمندری طوفان کے زیراثر بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی اور 140 تا 150 کیلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز رفتار ہوائیں چلیں جن کی رفتار بعض جگے 165 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوگئی تھی۔

الزامات پر ایم جے اکبر ہی کو
جواب دینا چاہئے : ایرانی
ممبئی 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام )اپنے کابینی رفیق ایم جے اکبر کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کے دوران مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج کہا کہ ان الزامات پر جواب دینا خود مرکزی وزیر کا کام ہے ۔ سمرتی ایرانی نے تاہم کہا کہ وہ ان خواتین سے انصاف کے حق میں ہیں جو اس طرح کے انکشافات کر رہی ہیں۔ کچھ خاتون صحافیوں نے MeToo مہم کے دوران اکبر کیخلاف جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کئے ہیں جو مودی حکومت میں منسٹر آف اسٹیٹ خارجہ ہیں۔ سمرتی سے جب میڈیا نے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ جو متعلقہ فرد (اکبر ) ہیں انہیں ہی ان الزامات پر جواب دینا چاہئے ۔