طوفانی گرد آلود ہواؤں کے موسم کا انتباہ

دوحہ۔ 3؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ توقع ہے کہ ملک میں گرد آلود تیز رفتار ہواؤں کے موسم کا کل سامنا ہوگا جو ایک ہفتہ تک جاری رہے گا، خاص طور پر ساحلی علاقے دن کے وقت متاثر ہوں گے۔ شمال مغربی ہوا 12 تا 24 بحری میل فی گھنٹہ اور جن علاقوں میں گرد آلود ہوائیں ہوں گی، وہاں 30 بحری میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ حد بصارت میں گرد کی وجہ سے کمی ہونے کا اندیشہ ہے۔ خاص طور پر کھلے میدان اور قومی شاہراہیں متاثر ہوں گی۔ تیز رفتار آندھی کے ساتھ بعض اوقات گرد کا طوفان بھی ہوگا۔ رات کے وقت ہوا کی رفتار میں کمی ہوکر وہ اوسط رفتار پر آجائے گی۔ سمندر میں تلاطم ہوگا اور 4 تا 8 فیٹ بلند موجیں اُٹھنے کا اندیشہ ہے۔ درجہ حرارت 38 اور 43 درجہ سیلسیس کے درمیان ہوگا۔ مطلع جزوی طور پر جمعرات اور جمعہ کے دن ابر آلود رہے گا۔ آج گرد آلود ہوائیں چلنے اور درجہ حرارت 30 تا 46 درجہ سیلسیس ہونے کا امکان ہے۔ دوحہ کے شمال الخور میں 16 درجہ سیلسیس کا فرق ہوگا۔ رات اور دن کے اعظم ترین درجہ حرارت 46 اور اقل ترین 30 درجہ ہونے کا امکان ہے۔