طواف کعبہ کرنے والے دنیا کے سب سے زیادہ خوش نصیب

ظہیرآباد میں حج تربیتی اجتماع ‘ شیخ محمد حامد مدنی اور مولانا معصوم عالم کا خطاب

نیالکل ۔ 15؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دنیا کے سب سے خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ کے گھر کا طواف کرنے کا موقع نصیب ہوتا ہے وہی لوگ حج پر جاتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شیخ محمد حامد مدنی حیدرآباد نے مسجد زہرہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام منعقدہ عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کا آغاز مولانا معصوم عالم کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ جبکہ اجلاس کی صدارت سید عتیق الرحمن حقانی امیر مقامی جمعیت اہلحدیث ظہیرآباد نے کی ۔ انہوں سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا ہر صاحب استطاعت پر زندگی میں ایک مرتبہ حج کرنا فرض ہے ۔ حج کے بعد حاجی گناہوں سے اس طرح پاک ہوجاتا ہے جس طرح وہ اپنی ماں کے پیٹ سے ابھی پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے عازمین حج کو تلقین کی کہ وہ ابھی سے پیدل چلنے کی عادت ڈالیں ۔ جبکہ مولانا معصوم عالم خطیب نے اپنے خطاب میں مناسک حج پر روشنی ڈالی اور مقامات مقدمہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے صاحب استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ پہلی فرصت میں فرض حج کی ادائیگی کریں اور اس کے لئے حتی المقدور کوشش کریں ۔ اس موقع پر محمد مقصود ‘ محمد سراج الدین غوری ‘ محمد سلیم ‘ کے علاوہ عازمین حج کی قابل لحاظ تعداد میں موجود تھی ۔