طلبہ کے کاندھوں پر ملک کا مستقبل

ظہیر آباد گرلز اقامتی اسکول کا سالانہ جلسہ ، مقررین کا خطاب

ظہیر آباد ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈسٹرکٹ مینارٹیز ویلفیر آفیسر وکرم ریڈی نے یہاں ماینارٹیز گرلز ریزیڈنشیل اسکول کے سالانہ جلسہ کے شرکاء سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ فرض شناسی و دیانتداری کے ساتھ اپنے مفوضہ فرائض انجام دیں اور اس بات کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں کہ ان کی کوتاہی اور فرائض منصبی سے غفلت برتنے سے ایک نسل کا نقصان ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے طلبا ، مستقبل کے ذمہ دار شہری ہوتے ہیں ۔ اور یہ کہ ان کے کاندھوں پر ملک کا مستقبل ہوتا ہے ۔ ایسے میں طلباء کو چاہئے کہ وہ صرف اور صرف حصول تعلیم پر ہی اپنی تمام تر توجہ مرکوز کریں ۔ پرنسپال سید امجد علی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ والدین کا اپنی اولاد کے لیے سب سے بہترین عطیہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریزیڈنشیل اسکول میں بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ ہر روز تین وقتوں ناشتہ ، ظہرانہ اور عشائیہ میں مختلف تغذیہ بخش غذائیں دی جاتی ہیں جن میں ویج و نان ویج بھی شامل ہیں ۔ صدر مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن محمد اطہر احمد نے ریاست بھر میں ماینارٹیز ریزیڈنشیل اسکولس کے قیام کو ریاستی حکومت کا ایک جرات مندانہ اور ناقابل فراموش کارنامہ قرار دیا ۔ اس موقع پر اساتذہ شہناز بیگم ، وینکٹماں ، ترشا ، وندنا اور دیگر کے بشمول طالبات کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔۔