طلبہ کے روشن مستقبل کیلئے اساتذہ فرض شناسی کا مظاہرہ کریں

محبوب نگر ۔ 25 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اساتذہ فرض شناسی کے جذبہ کے ساتھ طلباء میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں ۔ ساری دنیا میں پیشہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر وائی چندرا موہن ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ وہ جناب افضل خان موظف صدر مدرس کے جلسہ اعتراف خدمات سے مخاطب تھے جو جے جے آر گارڈن محبوب نگر میں منعقد کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر ڈی ای او ہرش وردھن ریڈی نے کہا کہ آج کا دور اگرچیکہ ٹکنالوجی کا دور ہے لیکن استاد کی قدر میں جہد قدیم سے آج تک کوئی کمی نہیں ہوئی ہے ۔ استاد کا درجہ والد کے مساوی قرار دیا گیا لہذا اساتذہ بھی طلبہ کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں ، محنت و مشقت کے ساتھ طلباء کے مستقبل کو نکھارنے میں اپنا رول ادا کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو میڈیم مدارس میں مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کیلئے کاوشیں جاری ہیں ۔ صدر جلسہ جناب عبدالقدیر موظف پرنسپل گورنمنٹ ڈائٹ نے کہا کہ اساتذہ پڑھانے کے ساتھ ساتھ عمل کے میدان میں آگے آئیں ۔ طلباء کو احساس کمتری سے نکالیں اور تحریک پیدا کریں انہوں نے جناب افضل خان کی تدریسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موصوف 1973 تا 2008 اپنا طویل سفر طے کیا آج ان کے شاگردوں کی بڑی تعداد جلیل القدر عہدوں پر فائز ہے ۔ جناب محمد معراج اللہ خان ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر گدوال نے کہا کہ اساتذہ کو اپنے مقصد حصول کیلئے انانیت کو خارج کرنا ہوگا کیونکہ یہ انسان کی سب سے بڑی دشمن ہے ۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ عاجزی اور انکساری کے ساتھ اپنے فرائض میں لگے رہیں ۔ آج ہماری قوم اقدار کی کمی کے سبب زوال اور رسوائی کا شکار ہے ۔ پروفیسر انور خان نے کہا کہ چودہ سو پچاس سال قبل ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم ساری دنیا کیلئے معلم اعظم بن کر آئے اس وقت سارا معاشرہ برائیو ںکی آماجگاہ بن گیا تھا ۔ آپؐ نے معلم اعظم کی حیثیت سے معاشرہ کو سدھارا ۔ آج ہم حضورؐ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر قوم و ملت کیلئے آگے آئیں تو کامیابی ضرور قدم چومے گی ۔ جلسہ کا آغاز محمد ابراہیم کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ شہ نشین پر بی ویما ریڈی صدر جی ٹی اے، مسعود حسین پروفیسر ، سراج الدین موظف صدر مدرس ، سلیم اقبال ، ڈاکٹر بشیر احمد پرنسپل المدینہ کالج آف ایجوکیشن و دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر افضل خان کی شالپوشی و گلپوشی کی گئی ۔ سید فریدالدین سکریٹری سوٹا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ جعفر طاہر صدر سوٹا محبوب نگر ، بابر شیخ ٹی آر ایس قائد ، محمد مسعود پروفیسر وغیرہ نے بھی مخاطب کیا ۔ مختلف اساتذہ تنظیموں کے اراکین سراج الدین لکچرر ، شمیم الدین ، محمد رفیق ، جلیل الدین ، خواجہ معین الدین ، محمد مسعود ، اطہر محی الدین ، عبدالخالق ، محمد وحید ، یونس ، ریاض و دیگر موجود تھے ۔