نارائن پیٹ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)طلباء میں سائنسی رجحان پیدا کرنے کیلئے اساتذہ ان کے اندر کی مخفی صلاحیتوں کو ڈھونڈ کر تجربات اور مشاہرات کی شکل میں سامنے لائیں ۔ جناب وحید نثار ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نارائن پیٹ نے ماڈرن ہائی اسکول نارائنا پیٹ میں ڈیویژن کے تمام 15 منڈلوں کے سائنس کے اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ طلباء کے اندر سائنس اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ہر سال ہر اسکول کی سطح پر انسپائر ایوارڈ دیا جارہا ہے ۔ انسپائر ایوارڈ کے تحت ہر اسکولکے 2 طلباء کو فی کس 5 ہزار روپئے نقد دیئے جارہے ہیں ۔ انسپائرایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء اور اساتذہ کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے طلباء کے تجربات کو ضلعی سائنس فیر میں پیش کرے ۔ 20اگست کو شادنگر میں ضلعی سطح کاسائنس فیر منعقد ہورہا ہے جس میں ہر اسکول کے طلباء کی شرکت اور تجربات کو پیش کرنا ضروری ہے ۔ جناب وحید نثار نے اساتذہ برادری سے کہا کہ 19 اگست کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایک روزہ جامع سروے منعقد کیا جارہا ہے یہ سروے ایک گھر میں رہنے و الے افراد کی مکمل جانکاری اور تفصیلات کا احاطہ کرے گا۔ اس سروے کیلئے تمام سرکاری ملزمین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ جناب وحید نثار ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر اس سروے سے متعلق عوامی شعور بیداری کریں اور طلباء کی ریالیوں کے ذریعہ عوام میں اس جامع سروے کے متعلق شعور بیدار کرنے کی کوشش کریں ۔ مسٹر سدرشن صدر مدرس نے کہا کہ ملک کا مستقبل کمرہ جماعت میں تشکیل پاتا ہے ۔ ہمارے ملک میں سائنسدانوں کی کمی ہے ۔ سائنس تحقیقی کی سمت نوجوانوں کی توجہ بہت کم ہی پائی جاتی ہے ۔ تعلیمی زمانے سے بچوں کے اندر سائنس سے دلچسپی پیدا کی جائے اور ان کے تجربات و مشاہدات کو اہمتی دی جائے تو مستقبل میں یہی بچے کل کے سائنسداں بن سکتے ہیں ۔ بعض اساتذہ نے شکایت کی کہ بعض صدر مدرسین کی جانب سے سائنس کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی جس کے سبب وہ اپنے میدان میں کچھ کر نہیں پارہے ہیں ۔ جناب جئے تیرتھا ایم ای او نارائن پیٹ نے کہا کہ ہر ایک کو تعلیمی ترقی میںاپنا حصہ ادا کرنا ہے ۔ اس اجلاس میں مسٹر وی راملو صدر مدرس صالحہ بیگم ،سید جلیل الدین ،عرشیہ زینت ، محمد ذاکر حسین صدر مدرس ماڈرن اسکول ،سرینواس ریڈی ،عرشیہ زینت و دیگر نے شرکت کی ۔