سوریا پیٹ ۔ 17اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت ہر شعبہ کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ۔ حکومت طلبہ اور نئی نسل کو ہر شعبہ میں اپنے جوہر دکھانے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے یہاں جونیئر کالج میدان میں ریاستی سطح کے انڈر 19کبڈی لڑکیوں کے مقابلہ کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے اچھی صحت کی برقراری کے ساتھ ساتھ ذہن بھی تیز ہوتا ہے ۔ پہلے اسکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دی جاتی تھی لیکن آج اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ ای راجندر نے کہا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی خاص توجہ دے گی ۔ رکن اسمبلی سوریا پیٹ و ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ کھیل کے ذریعہ جسمانی نشو نما ہوتی ہے اور جسمانی صحت برقرار رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ میں تلنگانہ کو اولین مقام پر دیکھنا چاہتی ہے اور اس کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مقابلہ میں حصہ لینے والوں سے خواہش کی کہ وہ بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے تلنگانہ کا نام روشن کریں۔ ریاست و ملک کا مستقبل طلبہ کے ہی ہاتھ میں ہے ۔ اسی لئے انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی خوب جستجو اور محنت کرنے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر ایم پی نلگنڈہ گتہ سکھیندر ریڈی نے بھی خطاب کیا ۔ چیرپرسن بلدیہ گنڈوری پرویلیکا پرکاش ‘ آر ڈی اور سرینواس و دیگر بھی یہاں موجود تھے ۔