نظام آباد /28 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ پوسٹ میٹرک ہاسٹل ( بوائز ) برائے اقلیتی نظام آباد پر 66 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہاسٹل ویلفیر آفیسر سید احمد بخاری نے پرچم کشائی انجام دی اور اس موقع پر ہاسٹل کی ترقی طلباء کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا اور انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ پابند ڈسپلین رہیں ۔ مفت تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو درخشاں بنائیں ۔ انہوں نے اس موقع پر مزید بتایا کہ طلباء کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے پینے کیلئے شفاف پانی سربراہ کیا جارہا ہے اور صاف صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ہاسٹل میں پلنگ اور دیگر فرنیچروں کیلئے ایک تفصیلی یادداشت بھی حکومت کو پیش کی گئی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ریاستی حکومت جوکہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہیں موثر اقدامات کرے گی ۔ جشن جمہوریہ کے اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کے سینئیر اسسٹنٹ ایم اے ہادی نے اپنے خطاب میں طلباء کو زرین مشوروں سے نوازا اور یوم جمہوریہ کی اہمیت و افادیت دستور کا قیام پر تفصیلی روشنی ڈالی اور طلباء کو مشورہ دیا کہ پڑھائی کے ساتھ سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ قوم و ملت کا نام روشن کریں اور ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی طلباء کو دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس لئے کہ موجودہ حکومت کے چیف منسٹر مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ تعلیمی ترقی کیلئے کئی ایک اقدامات کر رہے ہیں ۔