نظام آباد:6؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دور حاضر میں وہی طلباء زندگی کی میدان میں کامیاب ہوتے ہیں جو مسابقتی امتحانات کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے اعلیٰ پیمانے کی ملازمتوں کے لئے منتخب ہوں اس کے لئے مضبوط عزائم‘ خود اعتمادی ‘نصاب سے واقفیت اور جہد مسلسل کی ضرورت ہے تب ہی کامیابی ضرور طالب علموں کے قدم چومے گی۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو میڈیم کے طالب علم بھی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپنی تعلیم کو ڈھالیں اور موجودہ تلنگانہ اور قومی سطح پر منعقد ہونے والے مسابقتی امتحانات میں شرکت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو‘ محمد عابد علی اکیڈیمک کوآرڈینیٹر‘ مسٹر رام موہن ریڈی وائس پرنسپل گری راج کالج اور محترمہ شمیم سلطانہ لیکچرر اردو ویمنس ڈگری کالج نے شعبہ کامرس اردو میڈیم گری راج کالج کے طلبا کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ کوئز‘ مباحثہ اور تحریری مقابلوں کی افتتاحی تقریب تعلیم۔ شعور و آگہی کے لئے ایک راہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ طلباء مسابقتی امتحانات کے بارے میں بھر پور معلومات حاصل کریں۔ نصاب اور پرچہ سوالات سے واقفیت رکھیں اور درکار مواد کے ساتھ منظم انداز میں محنت کریں تو انہیں ـضرور کامیابی ملے گی۔ حالات حاضرہ کے لئے اخبارات کے مطالعہ اور انٹرنیٹ سے استفادہ ضروری ہے۔ محمد عابد علی نے کہا کہ شعبہ کامرس کی جانب سے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے رہنمائی کی جارہی ہے اور شعبہ سے فارغ طلبا زندگی کے عملی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ محترمہ شمیم سلطانہ نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ فون اور انٹرنیٹ کا غلط استعمال نہ کریں اور نیک و صالح زندگی گذارتے ہوئے تعلیمی شعبہ میں بھی ترقی کریں انہوں نے کہا کہ لڑکیاں بھی پردے کی پابندی کرتے ہوئے اعلیٰ عہدو ں پر فائز ہوسکتی ہیں۔ مسٹر رام موہن ریڈی نے شعبہ کامرس اردو میڈیم کو پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد دی۔ کوئز مقابلوں میں بی اے بی کام اردو میڈیم طلبا کی ٹاٹا گروپ ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ روزگار کے لئے مسابقت موضوع پر لڑکیوں کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ طلبا کے لئے مسابقتی امتحانات کی تیاری کیسے کریں موضوع پر تحریری مقابلے منعقد کئے گئے۔ ان مقابلوں کے کنوینر احسان اور ادیبہ بی کا م سال سوم تھے۔ مقابلو ں کے انعقاد میں کالج لیکچررس سید حسیب الرحمٰن‘ محمد مبین الدین ‘سنیل کمار اور محترمہ ناظمہ بیگم نے تعاون کیا۔