کورٹلہ۔27فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول کورٹلہ میں عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ حیدرآباد کے زیراہتمام تیارکردہ سیاست کوسچن بینک اردو میڈیم طلبہ میں تقسیم کئے گئے ۔ شریمتی سروپا رانی ہیڈ مس مدرسہ ہذا نے جلسہ کی صدارت کی ۔ اس موقع پر کی گئی اپنی تقریر میں جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و کوآپشن ممبر مجلس بلدیہ کورٹلہ نے اپنی تقریر میں طلبہ سے کہا کہ محنت و جستجو کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کریں ۔ کیونکہ یہ دور مسابقتی دور ہے اس دور میں صرف کامیابی حاصل کرنا ہی نہیں بلکہ اعلیٰ سے اعلیٰ نشانات حاصل کر کے ہی طلبہ اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ ’’سیاست‘‘ کی ملی خدمات کی کافی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف جن کے دل میں ملت کا جذبہ کوٹ کوٹ کا بھرا ہوا ہے ‘ ملت کے نوجوانوں کی بھلائی و ترقی کیلئے تعلیمی شعبہ میں اپنے اخراجات سے ایس ایس سی طلباء و طالبات کے بہتر مستقبل کیلئے اردو ‘تلگو ‘ انگلش میڈیم کے طلبہ کیلئے عابد علی خان ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام سیاست کوسچن بینک شائع کرواکر طلبہ میں مفت تقسیم کررہے ہیں ۔ مدرسہ ہذا کے اساتذہ جناب خواجہ سراج الدین نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان کی خدمات کی کافی سراہنا کی ۔ انہوں نے طلبہ سے اپنے درخشاں مستقبل کیلئے سیاست کوسچن بینک سے استفادہ کی خواہش کی ۔ اس تقریب میں مولودی جناب آصف خان ‘ مولوی جناب فصیح الدین کے علاوہ محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ موجود تھے ۔