اوٹکور۔ 22اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے ۔ تعلیم کا مقصد انسان کو انسانیت سکھانا ہے یعنی انسان دنیا میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیقابل بن جائے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد منیر احمد فاروقی جنرل سکریٹری ملت اسلامیہ ہائی اسکول اوٹکور نے سالانہ جلسہ سے صدارتی خطاب کیا ۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ گرمائی تعطیلات میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ملت اسلامیہ کی جانب سے چلائے جانے والے سمر کلاسیس سے استفادہ کریں ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ملت اسلامیہ معاشی پسماندگی کے ساتھ تعلیمی پسماندگی کا بھی بری طرح شکار ہوچکی ہے ۔ سنجیدہ جدوجہد کے ذریعہ اس پسماندگی کو دور کرنا ہوگا ۔ جناب منیر احمد فاروقی نے کہا کہ طلبہ کے اندر اخلاقی اقدار پیدا کرنا اساتذہ کی ہی ذمہ داری ہے اور اساتذہ کی شخصیت کا اثر طلبہ پر پڑتا ہے ۔ نظام تعلیم چاہے کسی بھی نظریہ فکر کا حامل کیوں نہ ہو ‘ یہ معلم کی ذمہ داری ہیکہ وہ اپنے تدریس میں اخلاقی اقدار کاخاص خیال رکھیں اور کہا کہ آج کے تعلیمی ادارے جدید نظریہ و فکر کے حامل ہوگئے ہیں ۔ اس طرح طلبہ میں اخلاقی گراوٹ و بے راہ روی عام ہوگئی ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ ڈسپلن شکنی اور خودکشی رجحانات دیکھنے میں آتے ہیں ۔ مسٹر منیر احمد فاروقی نے کہا کہ اوٹکور میں ملت اسلامیہ ہائی اسکول کا قیام صرف اور صرف قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اس اسکول میں کئی شعبہ جات بھی ہیں ۔ شہ نشین پر جناب محمد کاظم حسین صدر مدرس ‘ محمد ضمیر علی امرچنتا ‘ محمد حورشید گدوال نائبصدر سوسائٹی نے بھی مخاطب کیا ۔ محمد عرفات کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ حمد زہبہ تسلیم اور نازیہ کوثر نے اور نظم محمد سمیر پاشاہ نے سنائی ۔ اس موقع پر اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اجلاس کی کارروائی انورمیاں نے چلائی ۔