بھینسہ۔/27جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں طلباء تنظیم ایس ایف آئی کی جانب سے بھینسہ ڈیویژن سطح پر طلباء و طالبات کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سیکل یاترا ( ریالی ) نکالی گئی۔ اس سیکل یاترا کا آغاز بھینسہ آبی گیٹ سے کیا گیا جو بھینسہ ڈیویژن کے چھ منڈلوں میں طلباء و طالبات کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کیلئے حکومت کی توجہ مبذول کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس ریالی کے آغاز پر طلباء تنظیم ایس ایف آئی ضلعی نائب صدر بھیم راؤ نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے مختلف اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے اقدامات اپنارہے ہیں۔ لیکن تلنگانہ کے طلباء کے مسائل کو نظرانداز کررہے ہیں اور اولیائے طلباء پر زائد فیس کے بوجھ کو عائد کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ وزیر اعلیٰ اس جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے زائد فیس وصول کرنے والے خانگی و کارپوریٹ اسکولوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے طلباء و طالبات کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر سی آئی ٹی یو ڈیویژن صدر مہیش بابو کے علاوہ طلباء تنظیم ایس ایف آئی کارکنان چتینیا، ناگیش اور بابا صاحب کے علاوہ دیگر موجود تھے۔