کولکاتہ ۔28 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوانوں اور طلبہ کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ ملک کے مستقبل کے قائدین ان ہی نوجوانوں میں سے اُبھریں گے ۔ ممتا بنرجی نے خود اپنے سیاسی سفر کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے ایک طالب علم کی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا تھا اور سیاسی کارکن کے طورپر اُبھرتے ہوئے آج اس مقام پر پہونچی ہیں۔ نوجوان اور طلبہ ہی ہمارے سیاسی مستقبل کی کلید ہوں گے ۔ طلبہ تحریک اور طلبہ کارکنو ں کی حیثیت سے ہی سیاسی جدوجہد کاآغاز ہوتا ہے۔ میں نے بھی یہ جدوجہد ایک طالب علم کے رکن کی حیثیت سے شروع کی تھی ۔ انہی طلبہ میں سے ملک کے مستقبل کے قائدین اُبھریں گے ۔ میری ان تمام سے نیک خواہشات ہیں۔ ممتا بنرجی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیام تحریر کرتے ہوئے کہاکہ آج ترنمول چھاتر پریشد کی یوم تاسیس کے موقع پر میں طلبہ کو مشورہ دیتی ہوں کہ وہ اپنے سیاسی جدوجہد کو مضبوط بنائیں ۔ چیف منسٹر یہاں اپنی پارٹی کے طلبہ یونٹ کی یوم تاسیس ریالی سے بھی خطاب کرنے والی ہیں ۔