طلاق کا انتقام : رشتہ دار کی بیوی کی کردار کشی ایک شخص گرفتار

حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو اپنے طلاق کا انتقام لینے کیلئے قریبی رشتہ دار کی بیوی سے متعلق قابل اعتراض مواد بذریعہ ای میل گشت کرا رہا تھا۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر ایس جئے رام نے بتایا کہ 34 سالہ سی ایچ پراوین کمار جو پرافٹ شو کمپنی وجئے نگرم میں ایریا سیلز منیجر کا کام کرتا ہے نے اپنے قریبی رشتہ دار کی بیوی سے متعلق قابل اعتراض و فحش مواد ای میل کے ذریعہ روانہ کرتے ہوئے اس کی کردار کشی کی کوشش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 ڈسمبر 2013 کو ضلع رنگا ریڈی کے میڈی پلی کے ساکن درخواست گذار نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ بتایا گیا کہ اس کی بیوی کے کردار سے متعلق قابل اعتراض و فحش مواد ای میل کے ذریعہ ایک نامعلوم شخص مسلسل بھیج رہا ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سی ایچ پراوین کمار کو گرفتار کرلیا اور اس کی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ سال 2013 میں اس کا طلاق ہوگیا اور اس طلاق کا اپنی قریبی رشتہ دار کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کی بیوی کی کردار کے بارے میں انتہائی قابل اعتراض تحریر و مواد مسلسل روانہ کررہا تھا۔ پولیس نے تحقیقات میں یہ پتہ لگایا کہ گرفتار ملزم پراوین کمار نے درخواست گذار کو 8 ای میل روانہ کئے تھے اور اس نے دلسکھ نگر میں واقع اپنے دفتر سے یہ کارستانی انجام دی تھی ۔ گرفتار ملزم کو پولیس نے جیل بھیج دیا ۔