طلائی چین رہزن گرفتار

حیدرآباد /3 جولائی ( سیاست نیوز ) چکڑپلی پولیس کے کرائم اسٹاف نے ایک بدنام زمانہ طلائی چین رہزن کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 17.5 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ محمد عامر ساکن آصف ریسیڈنسی ، راگھاوا کالونی ٹولی چوکی کو گولکنڈہ سات گنبدان کے قریب گرفتار کرلیا جبکہ عامر کا بھائی محمد عمران پولیس کی کارروائی سے بچنے کیلئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ وہ زخمی ہوگیا ۔ عمران کو نمس ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد عمران اور اس کا بھائی محمد عامر دونوں شہروں میں پیش آئے رہزنی اور موٹر سائیکلوں کے سرقے کی وارداتوں میں ملوث ہے اور ان کے خلاف کئی غیر ضمانت وارنٹ بھی زیر التواء ہے ۔ محمد عامر کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی اور اسے چکڑپلی پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ تفتیش کے دوران عامر نے پولیس کو یہ بتایا کہ وہ مسروقہ مال کو اپنے ایک اور ساتھی سید جعفر حسین ساکن اولڈ ملک پیٹ کی مدد سے بازار میں فروخت کیا کرتا تھا ۔ گرفتار رہزن محمد عامر کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا ۔