طلائی چین اڑالینے کے واقعات میں اضافہ،13 مقامات پر مختلف خواتین نشانہ پولیس چوکسی رائیگاں

حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد میں خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے اور اس سلسلہ میں خصوصی اقدامات کرنے کے بلند دعوے غلط ثابت ہورہے ہیں ۔ ایک ہی دن میں رہزنوں نے 13 مقامات پر مختلف خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑالی۔ اس واردات کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی لیکن کسی بھی رہزن کی نشاندہی کرنے میں ناکام رہی۔ موٹر سیکل پر سوار دو رہزنوں نے منگل کے دن پولیس کی ناک میں دم کردیا اور پولیس محض وائرلیس سیٹ پر ہدایت جاری کرتے ہوئے رہزنوں کو گرفتار کرنے کیلئے آگاہ کرتے رہے لیکن پولیس کے ہاتھ کچھ نہ لگ سکا۔ آج صبح سے رہزنوں نے راہ چلتی خواتین کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا جس کے تحت ایس آر نگر ، جوبلی ہلز ، دومل گوڑہ ، اشوک نگر، اے ایس راؤ نگر اور سائبر آباد  علاقہ کوکٹ پلی ، ونستھلی پورم اور دیگر علاقوں میں گلے سے طلائی چین اڑاتے ہوئے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ پولیس نے بنجارہ ہلز علاقہ میں پیش آئی رہزنی کی واردات میں مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں سیاہ پلسر موٹر سیکل پر سوار دو رہزن جو ہیلمٹ پہنے ہوئے دکھائی دیئے، نے خاتون کے گلے سے چین اڑالی اور وہاں سے راہ فرار اختیار کی۔ حیدرآباد پولیس نے بقرعید اور گنیش وسرجن کے پرامن اختتام پر چین کی سانس لی تھی کہ رہزنوں نے پولیس کا سکون چھین لیا۔ مسلسل رہزنی کی وارداتیں پیش آنے کے بعد حیدرآباد و سائبر آباد پولیس نے گاڑ یوں کی تلاشی میں شدت پیدا کردی اور مشتبہ افراد کی تلاشی لی جارہی ہے۔ پولیس نے موٹر سیکل گاڑیوں پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں تاکہ رہزنوں کا پتہ لگایا جاسکے۔