طلائی زیورات اور نقد رقم سرقہ کرنے والا عادی سارق گرفتار

گڈی ملکاپور کا سرینواس گرفتار ، کلثوم پورہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) کلثوم پورہ پولیس نے شادی خانے کے قریب کار سے طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرنے والے عادی سارق کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کے بموجب 56 سالہ کے سرینواس ساکن گڈی ملکاپور آصف نگر کا تعلق سمہاچلم وشاکھاپٹنم سے ہے /25 جون کی شب سرینواس نے محبوب پرائیڈ فنکشن ہال کے قریب پارک کی ہوئی ایک کار سے ہینڈ بیاگ کا سرقہ کرلیا تھا جس میں طلائی زیورات اور دیگر اشیاء موجود تھے ۔ پولیس کلثوم پورہ نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ڈیٹکٹیو سب انسپکٹر کلثوم پورہ محمد زاہد اور ان کی ٹیم نے سرینواس کا پتہ لگاتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے مذکورہ سارق کے قبضے سے 2.5 لاکھ مالیتی مسروقہ طلائی زیورات اور سرقہ کیلئے استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل کو برآمد کرلیا ۔ پولیس نے سرینواس کے قبضے سے 10 موبائیل فون بھی برآمد کرلئے جن کی مالیت 1 لاکھ 10 ہزار روپئے بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔