طرابلس :نامعلوم طیاروں کی پروازیں

طرابلس ، 18 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر آج بروز دوشنبہ نامعلوم طیاروں نے پروازیں کیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہاں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ لیبیا کے ایک ٹیلی ویژن کے مطابق ان طیاروں نے طرابلس میں ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے عسکریت پسند گزشتہ ایک ماہ کے دوران مسلح جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ یہاں قبضے کی کوشش کرنے والے مسلح گروپوں میں سے کسی کے پاس بھی لڑاکا طیارے نہیں ہیں۔ روئٹرز کے مطابق ان طیاروں کے بارے میں جاننے کیلئے لیبیا حکومت کی انتظامیہ سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔ طرابلس کے رہائشیوں کے مطابق انہوں نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں تاہم اس کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ ان طیاروں کی پروازوں اور دھماکوں کی آوازوں کے شہر میں خاموشی ہے۔