طرابلس میں افراتفری جیل سے 400 قیدی فرار

طرابلس، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں باغی گروپوں میں جاری پرتشدد جدوجہد کے درمیان ایک جیل سے اتوار کو 400 قیدی فرار ہو گئے ۔یہ اطلاع ایک عدالتی اہلکار نے دی۔ افسر نے سوشل میڈیا پر جاری عدالتی پولیس کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ قیدیوں نے عین زارا جیل کے دروازے کو زبردستی کھول دیا ۔اس موقع پر جیل کے گارڈ ان کو روکنے میں ناکام رہے ۔ عین زارا جیل میں رکھے گئے زیادہ تر قیدیوں کو لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کا حامی سمجھا جاتا ہے ۔ 2011 میں قذافی کی حکومت کے خلاف ہوئے بغاوت میں انہیں لوگوں کو قتل کرنے کا مجرم پایا گیا تھا۔یہ جیل جنوبی طرابلس میں واقع ہے ، جس علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے مخالف گروپوں کے درمیان خونریز لڑائی جاری ہے ۔لیبیا کے اقوام متحدہ کے مشن نے جنگ کو ختم کرنے اور سیکورٹی کی صورت حال پر فوری مذاکرات کے لئے مختلف متعلقہ فریقوں کی منگل کی دوپہر ایک میٹنگ بھی بلائی ہے ۔دارالحکومت کے دو سب سے بڑے مسلح گروپوں طرابلس ریویو لیشنری بریگیڈ (ٹي آربی) اور نواسی اور طرابلس سے 65 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر تارھونا کے سیونتھ بریگیڈ یا کنییات کے درمیان گزشتہ ہفتے سے شدید لڑائی جاری ہے ۔طرابلس میں واقع اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت نے ہنگامی حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دارالحکومت میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے ۔اگرچہ حکومت باضابطہ طور پر سرکار چلارہی ہے ، لیکن وہ دارالحکومت کے اس حصے کو کنٹرول نہیں کرتی ہے جہاں مسلح دھڑے سرگرم ہیں اور خود مختاری کے ساتھ کام کرتے ہیں جو اکثر دولت اور طاقت سے متاثر ہوتے ہیں۔