حسن آباد۔/7فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ویدیہ ودھانا پریشد کی خصوصی مانیٹرنگ کمیٹی سے وابستہ 16 مختلف ٹیموں نے آج اچانک حسن آباد ڈیویژن کے مختلف مقامات پر واقع سرکاری دواخانوں پر بیک وقت علحدہ علحدہ طور پر دھاوے کرتے ہوئے طبی عملے کی طرف سے انجام دیئے جانے والے تمام تر طبی خدمات کا برسر موقع جائزہ لیا اور بے شمار خامیوں وکوتاہیوں کی شناخت کرتے ہوئے طبی عملے کی سرزنش کی۔ ڈاکٹر کے پریم کمار کی زیر قیادت مانیٹرنگ کمیٹی کی 9رکنی ٹیم نے 30بستروں پر مشتمل سرکاری دواخانے حسن آباد کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ضروری ادویہ کے اسٹاک کا معائنہ کیا اور طبی عملے کو ضروری ہدایت دی۔ دواخانہ کے قرب و جوار کو گندگی و کچرے سے پاک رکھنے کیلئے سخت اقدامات کرنے کی اسٹاف کو حکم دیا۔ نیز طبی خدمات کو مزید موثر بنانے اور نعشوں کو محفوظ رکھنے کیلئے مزید 3 ریفریجریٹرس کی ضرورت کے مدنظر اعلیٰ حکام سے تحریری نمائندگی کرنے کی ہدایت دی۔