حیدرآباد ۔ /2 نومبر (سیاست نیوز) انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیور سٹی (ایفلو) کی طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی کے بعد یونیور سٹی میں حالات کشیدہ ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ طالبہ کل رات یونیورسٹی ہاسٹل میں منعقدہ پارٹی میں شرکت کی جہاں اسے مبینہ طور پر نشہ کرنے کے لئے مجبور کیا گیا اور دو ساتھی طالبعلموں نے حالت نشے میں اس کی عصمت ریزی کی ۔ انسپکٹر عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن مسٹر اشوک ریڈی نے بتایا طالبہ کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 سالہ سولہ سمدرم جس کا تعلق ہندوپور سے ہے اور وہ ایم سی جے سال اول کا طالبعلم ہے ، وہاں کے سابق طالبعلم 24 سالہ راج سمہا کے ہمراہ یونیورسٹی طالبہ کی عصمت ریزی کی ۔ طالبہ نے آج صبح اس واقعہ کے خلاف شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا گیا کہ نشے کی حالت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمین عصمت ریزی کی ۔ پولیس نے طالبہ کا بیان قلم بیان کرنے کے بعد اسے طبی معائنہ کے لئے میٹرنیٹی ہسپتال منتقل کیا ۔ اس واقعہ کی پتہ چلنے پر یونیور سٹی کے دیگر طالبات نے ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔