طالبان کے حملے میں 14 فوجی اور ملازمین پولیس ہلاک

کابل ۔23 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) مغربی افغانستان میں طالبان کے حملے سے 14 فوجی اور ملازمین پولیس آج ہلاک ہوگئے ۔ کابل کے شہری اپنے چہیتوں کی تدفین کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ دولت اسلامیہ گروپ نے کل کابل میں رائے دہندوں کے رجسٹریشن مرکز کو حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں 57 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ کابل کے مہلوکین کے خاندان کل بمباری کے حادثہ کے بعد اپنے گھر چھوڑکر فرار ہوگئے ۔ آج اُنھوں نے اپنے رشتہ داروں کی قبریں کھودیں اور اُن کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آخری رسومات میں شرکت کی ۔ مغربی صوبہ بدغیس میں فوج پر اکثر حملے کئے جاتے ہیں۔ آج کا حملہ ضلع اب قمری میں ہوا تھا جس سے 9 فوجی ہلاک ہوگئے ۔ صوبائی پولیس کے نائب سربراہ غلام سرور حیدری نے کہاکہ کچھ ہی دیر بعد شورش پسندوں کے وسیع گروپ نے ضلع قادیس میں پولیس ہیڈکوارٹرس پر حملہ کیا اور پانچ ملازمین پولیس کو ہلاک کردیا ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان شرف الدین مجیدی نے اس کی توثیق کردی ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں جو ذرائع ابلاغ کو روانہ کیا گیا حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ 10 بجے دن ہونے والے اس حملے سے کئی میل تک کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے ۔ فٹ پاتھ پر نعشیں اور خون کا تالاب دیکھا گیا ۔ افغان فوج حالیہ حملوں کی تحقیقات کررہی ہے ۔