طالبان کو تحفظ اور ملازمتوں کی امریکی پیشکش

اسلام آباد۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ بھی اب ان کوششوں میں لگ گیا ہے جن کے تحت طالبان کو امن مذاکرات کی میز پر لایا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ طالبان کو یہ تیقن بھی دیا جائے گاکہ قیام امن کے فوری بعد ہی قومی دھارے کا حصہ بن جائیں گے اور انہیں مناسب ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ امریکہ کے علاوہ پاکستان، چین، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ طالبان کو قیام امن کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کرنا چاہئے جبکہ امریکہ کے محکمہ دفاع نے طالبان شورش پسندوں کی بازآباد کاری کے لیے ایک منصوبہ بھی تیار کیا ہے جو ایک نئے افغانستان کی شکل میں ابھرے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ طالبان کی صفوں میں بھی ایسے لوگ پائے جاتے ہیں جو مسلسل لڑائی سے تنگ آچکے ہیں لہٰذا ایسے شورش پسندوں کو جو خود اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی حفاظت چاہتے ہیں انہیں سماج کا حصہ بننے میں مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا کیوں کہ انہیں ایک بہتر زندگی گزارنے کی طمانیت دی گئی ہے۔ پنٹاگان نے اپنا ایک منصوبہ کانگریس کو بھیجا ہے جس کو منظوری ملنا باقی ہے۔