دوحہ ۔14جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم ایجوکیشن کونسل آئندہ تعلیمی سال سے لڑکیوں کے لئے خصوصی بینکنگ اسکولس کھولے گا۔ اس بات کا انکشاف ایس ای سی کے ایک سینئر عہدہ دار نے کیا اور بتایا کہ یہ اسکولس قطر نیشنل بینک (کیو این بی) کے تعاون و اشتراک سے قائم کئے جائیں گے۔ مملکت کے ایک مقامی عربی روزنامہ سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ای سی میں ڈائرکٹر برائے تعلیمی ادارہ جات فوزیہ الخاطر نے بتایا کہ جیسے ہی لڑکیاں گریڈ 10 میں پہنچیں گے انہیں ان اسکولس میں داخلے لینے اور بینکنگ سے متعلق پڑھنے کا موقع ملے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک جائزہ کے دوران دیکھا گیا کہ مملکت کے بینکنگ شعبہ میں ایک خلیج پائی گئی اور اسی خلیج کو پاٹنے کے خاطر طالبات کو بینکنگ کے گر سکھانے اور اس کے بارے میں پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ دراصل زیادہ سے زیادہ قطری خواتین کو بینکنگ اور مالیاتی اداروں میں ذمہ دارانہ عہدوں پر فائز کرنا ہے۔ سپریم ایجوکیشن کونسل کی اس اعلیٰ عہدہ دار نے مزیدکہا کہ کونسل نے سکینڈری اسکولس میں مزید مضامین متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لیبر مارکٹ کی ضروریات کی تکمیل کی جاسکے۔ الخاطر کے مطابق یہ شکایات وصول ہوتی رہی ہیں کہ سکینڈری اسکول کے فارغ التحصیل طلباء قطری جاب مارکٹ کے لئے اہل نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سپریم ایجوکیشن کونسل ظہہ الحمام علاقہ میں ذہنی و جسمانی طور پر معذور بچوں کے لئے فری اسکول کھولے گا۔