طاقتور حریفوں کے خلاف کھیلنے پر ہماری طاقت کا اندازہ ہوگا : شبیر علی

ممبئی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق اسٹار اسٹرائیکر شبیر علی کا احساس ہیکہ نیشنل فٹبال ٹیم باقاعدگی سے طاقتور انٹرنیشنل ٹیموں کے خلاف کھیلتی رہی تو اسے خود اپنی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن چار رخی ٹورنمنٹ بنام انٹرنیشنل کپ کی میزبانی کررہا ہے جو یہاں ممبئی فٹبال ارینا میں جون کے دوران کھیلا جائے گا۔ میزبان قوم کے علاوہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور چائنیز تائی پی مسابقت کریں گے۔ اس ٹورنمنٹ کے تعلق سے پوچھنے پر شبیر علی نے کہا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ نتیجہ کیا ہوگا لیکن ہمیں طاقتور اپوزیشن کے ساتھ ساتھ ان ملکوں کے خلاف بھی کھیلنا پڑے گا جو ہم سے کم تر ہیں۔ طویل عرصہ قبل ہمارے دور میں بھی ہم نے نیوزی لینڈ کے مقابل کھیلا جس نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ مجھے وہ سال اور ٹورنمنٹ یاد نہیں لیکن ہم نے ان کے ساتھ 1977 اور 1980 کے درمیان کبھی کھیلا تھا۔ شبیر علی ممبئی ڈسٹرکٹس فٹبال اسوسی ایشن کے ایوارڈس فنکشن کے سلسلہ میں آئے ہوئے ہیں جو کل شب منعقد ہوا۔