ضیاء گوڑہ میں دو بھائیوں پر قاتلانہ حملہ

حیدرآباد یکم / فروری ( سیاست نیوز ) ضیاء گوڑہ علاقہ میں پیش آئے ایک واقع میں تجارتی مخاصمت کے نتیجہ میں بکروں کی تجارت کرنے والے دو بھائیوں پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ۔ انسپکٹر کلثوم پورہ مسٹر رام موہن نے بتایا کہ ضیاء گوڑہ مسلخ میں بکروں کی تجارت کرنے والے 40 سالہ جنگیا یادو اور 45 سالہ یادیا یادو آج صبح کاروبار میں مصروف تھے کہ اچانک دھنراج اور اس کے بیٹوں سائی ، شیوا ، چندرکانت ، بھرت اور دیگر نے لاٹھیوں سے حملہ کردیا اور انہیں شدید زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد ضیاء گوڑہ مسلخ میں سنسنی پھیل گئی اور اسی دوران پولیس نے دھنراج کا تعاقب کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس حملے کے دوران حملہ آور جنگیا اور یادیا پر تلواروں اور خنجروں سے حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے ان کے خلاف فی الفور کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا ۔ پولیس کلثوم پورہ نے ملزمین کے خلاف اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔