بنگلورو ۔ 13 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج شہر کی جیا نگر اسمبلی نشست زائد از 2800 ووٹوں کے فرق سے جیت لی ۔ اس نشست پر پہلے بی جے پی کا قبضہ تھا ۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق کانگریس اُمیدوار سومیا ریڈی کو 54,457 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ اُن کے قریب ترین بی جے پی حریف بی این پرہلاد کو 51,568 ووٹ حاصل ہوئے ۔ ریاست بھر میں اسمبلی انتخابات 12 مئی کو منعقد ہوئے تھے لیکن جیا نگر نشست کیلئے پولنگ بی جے پی امیدوار بی این وجئے کمار کے انتقال کے سبب روک دی گئی تھی ۔ وہ اس حلقہ کے دفاعی امیدوار تھے ۔ ضمنی چناؤ 11 جون کو منعقد ہوا تھا ۔ وجئے کمار کے بھائی پرہلاد اور سینئر کانگریسی لیڈر و سابق وزیر رام لنگا ریڈی کی بیٹی سومیا ریڈی کے درمیان راست مقابلہ ہوا ۔ رائے دہی سے قبل 5 جون کو جنتادل (سیکولر) نے اس مقابلے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔