ضمنی انتخابی نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے

نئی دہلی 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی ضمنی انتخابات میں کئی نشستوں پر ناکامی کا سامنا کرنے والی بی جے پی نے آج کہا کہ بعض مقامات پر نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے اور عوام نے مقامی مسائل کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے۔ بی جے پی ترجمان شاہ نواز حسین نے کہا کہ ہمیں کئی مقامات پر کامیابی حاصل ہوئی اس کے باوجود نتائج ہماری توقع کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی انتخابات مقامی مسائل کی بنیاد پر لڑے گئے تھے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومتوں کو یہاں مکمل اکثریت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ایک اچھی اطلاع یہ رہی ہے کہ پارٹی نے مغربی بنگال میں کامیابی حاصل کی ہے اور کنول کھلنا شروع ہوگیا ہے۔ شاہ نواز حسین نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو قومی یا ریاستی پس منظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئے کیونکہ یہ انتخابات مقامی انتخابات کی بنیاد پر لڑے گئے تھے ۔ مجوزہ ہریانہ اور مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امکانات پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہاں بی جے پی کو کامیابی ہوگی کیونکہ دونوں ریاستوں میں نئی حکومت کے قیام کیلئے یہ انتخابات ہورہے ہیں۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات آئندہ ماہ منعقد شدنی ہے۔ بی جے پی کو راجستھان میں زبردست دھکہ پہنچا جہاں اسے چار کے منجملہ صرف ایک نشست پر کامیابی ملی ۔ اتر پردیش میں بی جے پی کا موقف انتہائی کمزور ہوگیا اور سماجوادی پارٹی آگے رہی۔ گجرات میں حکمراں بی جے پی 9 کے منجملہ صرف 6 نشستوں پر قبضہ برقرار رکھ پائی جبکہ دیگر 3پر کانگریس نے کامیابی حاصل کرلی۔ ان تمام 9 نشستوں پر پہلے بی جے پی کا قبضہ تھا اور ارکان اسمبلی چونکہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوئے اس لئے یہ نشستیں مخلوعہ تھیں۔ بی جے پی کیلئے ایک اچھی خبر یہ رہی ہے کہ مغربی بنگال میں اس نے ایک نشست پر تنہا کامیابی حاصل کی ۔