ضمنی انتخابات میں جذباتی فیصلہ نہ کریں

رائے دہندگان کو کانگریس قائدین کا مشورہ
نظام آباد /7 ستمبر (پریس نوٹ) قاضی سید ارشد پاشاہ ترجمان پردیش کانگریس تلنگانہ نے بتایا کہ پارلیمانی حلقہ میدک کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر کانگریس پارٹی کے تمام اعلی قائدین اور کارکنوں کی وسیع پیمانے پر انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ قائدین اور پارٹی کارکن عوام کے مکانات پر پہنچ کر کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ انتخابی جلسوں اور عوامی رابطہ کی مہم میں مختلف تعلیمی سماجی تنظیمیں بھی تعاون کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا حلقہ میدک کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، سابق صدر پردیش کانگریس ڈی سرینواس ایم ایل سی، محمد علی شبیر، گیتا ریڈی ایم ایل سی، جانا ریڈی سابق وزیر، وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا اور دیگر قائدین کے ہمراہ حلقہ پارلیمان میدک کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی امیدوار مسز سنیتا لکشما ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی اپیل کی۔ سنگاریڈی کے فنکشن ہال میں مذکورہ قائدین نے عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر حاضرین اجلاس کو ایک ویڈیو فلم دکھائی گئی، جس میں ٹی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مینی فیسٹو میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو رو بہ عمل نہ لانے کا اظہار کیا گیا ہے۔ کسانوں کو قرضوں کی معافی کے ضمن میں عملی اقدامات نہ کئے جانے اور ریلوے گیٹ میدک میں بس اور ٹرین کی ٹکر کے حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو اب تک معاوضہ کی عدم ادائیگی کی نشاندہی کی گئی۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے کہا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کانگریس پارٹی کی حمایت میں عوامی لہر چل رہی ہے، کیونکہ تلنگانہ ریاست کا قیام کانگریس کا کارنامہ ہے، لہذا عوام جذباتی فیصلہ نہیں کریں گے، بلکہ اب کانگریس کو ووٹ دیں گے۔