ضلع گنٹور میں بس پلٹ جانے سے 20 طلبہ زخمی

حیدرآباد28 جنوری ( یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 20طلبہ زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کے ویلدورتی منڈل کے قریب آج صبح اس وقت پیش آیا جب ماچرلہ علاقہ کے ایک پرائیویٹ اسکول کی بس کے ڈرائیور نے مخالف سمت سے آرہی دوسری بس سے بچنے کی کوشش کے دوران اسکول بس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں بس خشک نہر میں گر گئی۔اس بس میں 48بچے سوار تھے ۔اس حادثہ میں 20طلبہ زخمی ہوگئے ۔ان میں تین شدید زخمی ہیں۔زخمیوں کو ماچرلہ کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا ۔شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے گنٹور کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔اسپتال کے قریب اسکول انتظامیہ کے ساتھ والدین کی بحث وتکرا ر ہوگئی۔

بجلی کا جھٹکہ لگنے سے نوجوان ہلاک
حیدرآباد28 جنوری ( یو این آئی) مولاعلی ریلوے پروٹکشن فورس (آرپی ایف)ٹریننگ سنٹر میں پیش آئے واقعہ میں ایک نوجوان بجلی کاجھٹکہ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ملکاجگری پولیس کے مطابق یہ نوجوان فوج میں بھرتی کے لئے آیا تھا جس نے اتفاقی طورپر بجلی کے لٹکتے ہوئے وائر کو پکڑ لیا جس کے نتیجہ میں شاک لگنے سے اس کی موت ہوگئی۔اس واقعہ پر اس سلکشن کیمپ میں آنے والوں نے نامناسب انتظامات پر حکام پر نکتہ چینی کی۔مقامی افراد نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی کے عہدیداروں کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔