ضلع کی ترقی کیلئے سیاسی قائدین اور عوام کا تعاون ناگزیر

نظام آباد:26؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)65 ویں یوم جمہوریہ کی تقاریب آج ضلع میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع نظام آباد کے سرکاری و غیر سرکاری دفاتر، خانگی اداروں، سیاسی و سماجی دفاتر، اسکول ، کالجس، چوراستوں پر قومی پرچم لہرایاگیا۔ ضلع کلکٹر پی ایس پردیو منا نے آج پولیس پریڈ گرائونڈ پر پرچم کشائی کی اور پولیس کی سلامی حاصل کی اس موقع پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں خاص طور سے ضلع کے دیہی عوام کا انحصار زرعی شعبہ پر ہے اور ان کی فلاح وبہبودی کیلئے ریاستی حکومت کئی ایک ترقیاتی کام انجام دے رہی ہیں اور آبی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے کئی اقدامات کررہی ہے۔ شہروں میں آبی سہولتیں فراہم کیلئے نظام آباد، کاماریڈی، آرموربلدیہ جات میں 4کاموں کیلئے 232 کروڑ روپئے 47لاکھ روپئے سے کام شروع کئے گئے ہیں اور نظام آباد میں کاموں کی تکمیل کی گئی ہے بنگاروتلی اسکیم کے تحت 2013 یکم ؍ مئی کے بعد پیدا ہونے والی تمام لڑکیوں کے نام اندراج کرتے ہوئے 7 ہزار647 استفادہ کنندگان کے کھاتوں میں 1,91,82000 روپئے جمع کئے گئے ہیں 21سال عمر ہونے تک انہیں 2لاکھ 16 ہزار روپئے کا فائدہ حاصل ہوگا۔

اس اسکیم کی عمل آوری میں ضلع نظام آباد ریاست بھر میں تیسرے مقام پر ہے راجیو یوا کرنالو کے تحت 7 ہزار افراد کو تربیت دینے کیلئے نشانہ مقرر کرتے ہوئے 4150 نوجوانوں کو تربیت دیتے ہوئے 3250 افراد کو ملازمت فراہم کی گئی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے مختلف اسکیمات کی عمل آوری پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ضلع کی عوام کو حکومت کی اسکیمات سے مستفید کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ضلع کی ترقی میں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام کا مکمل تعاون ناگزیر قرار دیا گیا اس موقع پر ضلع کلکٹر نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سرکاری محکمہ جات کے 369 افراد کوتہنیت بھی پیش کی گئی اور مختلف محکمہ جات کی 18 جھانکیاں بھی پیش کی گئیں ۔اس موقع پر ڈی آئی جی انیل کمار، ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی، ضلع جج شمیم اختر، ڈی سی سی بینک چیرمین پٹواری گنگادھر، رکن اسمبلی نظام آباد اربن لکشمی نارائنا، جوائنٹ کلکٹر ہرش وردھن، اڈیشنل جے اے سی شیشادھری، عوامی نمائندے کے علاوہ ملازمین، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر مختلف اسکول و کالجس کی جانب سے مختلف کلچرل پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر آج صدر ضلع کانگریس طاہر بن حمدان نے کانگریس آفس اور گاندھی چوک پر پرچم کشائی انجام دی۔ تلگودیشم صدر وی جی گوڑ نے پارٹی آفس، صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم نے ضلع کمیٹی دفتر پر، ٹی آرایس اربن انچارج بسوا لکشمی نرسیا نے اربن آفس پر، گوتمی ڈگری کالج میں صدر اقلیتی سیل ٹی آرایس طارق انصاری نے، جے اے سی کی جانب سے ٹی این جی اوز بھون میں پرچم کشائی انجام دی گئی۔