نارائن پیٹ ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے آج اپنے ایک سرکاری حکمنامہ کے ذریعہ نارائن پیٹ کو ریاست تلنگانہ کے 33 ویں ضلع کے طور پر قطعی احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ نارائن پیٹ ضلع اب 11 منڈلوں کے ساتھ ضلع محبوب نگر میں ایک علحدہ ضلع کا درجہ پالیا ہے ۔ نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دئیے جانے کے احکامات کی اجرائی کے فوری بعد آج صبح ضلع کلکٹر محبوب نگر مسٹر رونالڈ روز اور جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹ راؤ نے دورہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ میں واقع سرکاری و غیر سرکاری عمارات کا جائزہ لیا تاکہ کلکٹریٹ و دیگر دفاتر کے لیے عمارتیں مہیا کی جاسکیں ۔ آج آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر سرینواسلو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کل 17 فروری کو ضلع کلکٹر آفس اور ضلع ایس پی آفس کا صبح 6-40 بجے افتتاح عمل میں لایا جائے گا ۔ نارائن پیٹ سب کلکٹر آفس کو ضلع کلکٹر آفس اور ڈی ایس پی ، آفس کو ضلع ایس پی آفس بنایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر تذکرہ دفاتر پر پرچم کشائی انجام دی جائے گی ۔ بعد ازاں آدرشا ہلس پر آدرشا اسکول کے میدان میں اس سلسلہ میں ضلع کی تشکیل کے لیے جشن کا پروگرام ہوگا ۔ جس میں ضلع کلکٹر ، ضلع ایس پی کے علاوہ سرکاری عہدیدار وزراء اور متعلقہ ارکان اسمبلی شرکت کریں گے ۔۔