میدک میں بٹی جگپتی کانگریس قائد کی پریس کانفرنس
میدک۔/4جنوری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر بٹی جگپتی کانگریس قائد سابق صدر نشین بلدیہ میدک نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میدک میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع میدک کی کلکٹربھارتی ہولیکری کے تبادلہ کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر ایک نہایت ہی دیانتدار بہترین آفیسر کے نقوش ضلع میں ترقی کیلئے چھوڑے ہیں۔ ایسے آفیسر کی ضلع کی ترقی کیلئے سخت ضرورت ہے۔ محض سیاسی دباؤ یعنی مقامی ایم ایل اے و ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی کی ایماء پر کلکٹر کا تبادلہ عمل میں آیا۔ مسٹر جگپتی نے کہا کہ محض انٹگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کے مسئلہ کو لیکر کلکٹر کو یہاں سے ہٹایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایم ایل اے پدما دیویندر ریڈی حیدرآباد۔ توپران شاہراہ پدپلی کویٹال پر کلکٹریٹ کی تعمیر کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن کلکٹر میدک بھارتی ہولیکری اس مسئلہ پر میدک کے اورنگ آباد حدود رامائم پیٹ شاہراہ پر کلکٹریٹ کی تعمیر کرنے کے منصوبہ پر بضد تھیں۔ اسی طرح پدما دیویندر ریڈی کی قریبی ساتھی رکن ضلع پریشد شریمتی لاوانیا ریڈی نے بھی حیدرآباد شاہراہ پر اراضی پر قبضہ کرلیا تھا جس کی تحقیقات ضلع کلکٹر کروارہی تھیں جس کو لیکر کلکٹر بھارتی کا تبادلہ کروایا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کانگریس کے علاوہ بی جے پی اور مختلف یوتھ تنظیموں نے بھی احتجاجی پروگرامس عمل میں لانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر ٹاؤن کی اہم ایکس وے پر بھاری تعداد میں پولیس کو متعین کردیا گیا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس قائدین مسرز ایم انجینلو، محمد حفیظ الدین، چندرا موہن، مرزا احمد علی بیگ، ایم اے مجیب، نصیر الدین وغیرہ موجود تھے۔