ضلع کریم نگر میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے 46 مراکز

امیدواروں کے لیے تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ

کریم نگر ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ضلع میں انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے لیے ضلع انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات پورے کرلیے ہیں ۔ امیدواروں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ انتہائی پر سکون ماحول میں امتحان لکھنے کے لیے نگرانکاروں کو مقرر کردیا گیا ہے ۔ جاریہ ماہ کی 27 کو شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے دو سال کے امتحانات کے لیے ضلع انٹر میڈیٹ ایجوکیشنل آفیسر ایل سوہانتی نے انتظامات پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ ضلع میں پہلے دوسرے سال جنرل ووکیشنل ملا کر جملہ 36228 امیدوار شریک ہوں گے ۔ ان کے لیے 46 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ایک امتحانی مرکز کے لیے ایک چیف سپرنٹنڈنٹ ایک ڈپارٹمنٹل آفیسر اور نگرانی کے لیے جملہ 92 افراد ہیں ۔ ڈی ای سیز کو نگران کار مقرر کیا گیا ہے ۔ 20 افراد سے فلائنگ اسکواڈ کسٹوڈین ٹیموں کی بھی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ اسی کے ساتھ تین ڈی ای سیز ہائی پاور کمیٹی ارکان بھی امتحانی مراکز کی اچانک تنقیح کے لیے متعین کئے گئے ہیں ۔ سابق میں کچھ مراکز پر مقررہ وقت سے قبل ہی سوالات کے پرچے کھول لیے گئے تھے ۔ اس طرح نقل کرلینے کی صورت حال پیدا ہوچکی تھی ۔ اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے احکامات کے مطابق صبح 8-45 سے 9 بجے کے درمیان میں بچوں کو اندر داخل ہونے دیا جائے گا ۔ 9 بجے کے بعد ایک منٹ بھی تاخیر ہونے پر کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ قاعدے قانون کی عمل آوری پہلے ہی سے ہے ۔ پھر بھی شعور بیداری کی جارہی ہے ۔ پہلے سال کے 17448 دوسرے سال کے 18780 شرکت کرنے والے ہیں ۔ صبح 9 تا 12 بجے ہونے والے امتحان میں ہر 25 کے لیے ایک نگرانکار ہوگا ۔۔