مدن پلی۔/27مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع چتور میں دسویں جماعت کے امتحانات کا خوشگوار ماحول میں آغاز ہوا۔ ضلع تعلیمی محکمہ نے امتحانات کے لئے ساری تیاری کررکھی ہے۔ گذشتہ سال چند امتحانی مراکز پر فرنیچر کا انتظام نہیں ہو پایا تھا۔ اس لئے اس سال ہر مرکز میں فرنیچر فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس سال کے امتحانات میں 54064طلباء دسویں جماعت کا امتحان دے رہے ہیں جن میں 51,643 ریگولر اور 2421 پرائیویٹ طلباء ہیں۔ ضلع بھر میں 267امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔2821انویجلیٹرس کے ساتھ 267 چیف اور 267ڈپارٹمنٹل آفیسرس کا تقرر کیا گیا ہے۔ نقل نویسی کے روک تھام کے لئے14فلائنگ اسکواڈ قائم کئے گئے ہیں۔ دسویں جماعت کے امتحانات کے آغام کے موقع پر کڑپہ RJDSE اور ضلع چتور کے آبزرور رمنا مورتی نے چتور میں جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امتحانات کو خوشگوار ماحول میں منعقد کیا جائے۔ طلباء کو کسی بھی قسم کی دقت محسوس ہونے نہ پائے اور طلباء کو امتحانات کے وقت سے ایک گھنٹہ پہلے ہی آنے کی اجازت دیں اور طلباء کی تنقیح امتحان کے آغاز سے پہلے ہی کرلینی چاہیئے تاکہ عین امتحان کے وقت طلباء کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ذہنی تناؤ کا شکار نہ ہوں۔ امتحانی مراکز پر پینے کے پانی کی فراہمی اور برقی انتظامات پر خاص توجہ دی جائے اور گذشتہ سال کی خامیوں کو نہ دہرائیں۔اس موقع پر DEO ضلع چتور پرتاپ ریڈی، ACGE نرنجن کمار، ایم ای او جئے پرکاش بھی موجود تھے۔