ضلع پریشد میدک کا جنرل باڈی اجلاس

ترقیاتی کاموں کے لئے 1,156 کروڑ روپئے کے منصوبہ کو قطعیت
سنگاریڈی /27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد جنرل باڈی کا اجلاس راجمنی چیرمین ضلع پریشد میدک کی صدارت میں سنگاریڈی ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقد ہوا، جس میں ہریش راؤ وزیر آبپاشی، پدما دیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر، سوامی گوڑ صدر نشین قانون ساز کونسل کے علاوہ ارکان اسمبلی، ضلع کلکٹر ڈاکٹر شرتھ، ضلع پریشد ارکان اور منڈل پریشد صدر نشین موجود تھے۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع میدک کے موضع ماسائی پیٹ میں ریل۔ بس حادثہ میں اسکولی طلبہ کی ہلاکت پر دو منٹ کی خاموشی منائی گئی، جس کے فوری بعد جنرل باڈی اجلاس میں ایجنڈا کاپی فراہم نہ کرنے پر ضلع پریشد سی ای او پر ہریش راؤ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا آغاز ہوچکا ہے، لیکن ابھی تک ایجنڈا کاپی عوامی نمائندوں کو فرراہم نہیں کی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ضلع میدک کی ترقی کے لئے عہدہ دار اپنا تعاون دیتے ہوئے ضلع کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں۔ ضلع کے ہر اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی سربراہ کرنے کے لئے منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے تحت ایک منصوبہ ترتیب دیتے ہوئے ضلع میدک کے مختلف آیاکٹ کو پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں رورل واٹر اسکیم کے تحت 347 کروڑ روپئے ، محکمہ برقی 310 کروڑ روپئے، محکمہ پنچایت راج 238 کروڑ، محکمہ ایریگیشن 109 کروڑ، محکمہ واٹر یوزر 63 کروڑ روپئے اور دیگر محکمہ جات کو جملہ 1156 کروڑ روپئے کے منصوبہ کو قطعیت دی گئی۔ ارکان زیڈ پی سیز نے کہا کہ دیہی سطح پر بے روزگاری کو دور کرنے، خواتین کی ترقی کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گجویل میں ڈپٹی ڈی او عمارت کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔ سوامی گوڑ صدر نشین قانون ساز کونسل نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ترقیاتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ پدما دیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ ’’ہمارا ضلع، ہمارا منصوبہ‘‘ پروگرام کے تحت کئے جانے والے کاموں کو چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میں بارش نہ ہونے کے باعث کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، زرعی ماہرین کی خدمات کے ذریعہ کم پانی سے زیادہ کاشت کے طریقوں سے کسانوں کو واقف کروایا جائے گا۔ ڈاکٹر گیتا ریڈی رکن اسمبلی ظہیرآباد نے کہا کہ ترقی اور بجٹ کی تقسیم مساوی انداز میں کی جائے، تاکہ تمام اسمبلی حلقہ جات کی ترقی ہوسکے۔ رام لنگا ریڈی رکن اسمبلی دوباک نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ اور دیگر کاموں پر روشنی ڈالی اور حلقہ اسمبلی دوباک کے مسائل پیش کئے۔ کشٹا ریڈی رکن اسمبلی نارائن کھیڑ نے کہا کہ برقی اور پانی کے مسائل کو جلد حل کیا جائے اور سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی سرعت کے ساتھ کی جائے۔ دریں اثنا وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک اعلی عہدہ دار کا ہونا ضروری ہے۔ میدک ریونیو ڈیویژن میں تین ٹرانسکو ڈی ای ایز موجود ہیں، جب کہ دیگر اسمبلی حلقوں کے عوام کی خدمت کے لئے بھی موجود ہنا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے تحت منصوبہ کو جلد از جلد پیش کیا جائے۔ الادرگ منڈل تا بوڑمٹ پلی، نارائن کھیڑ اور بیدر تک سڑک کے لئے 120 کروڑ روپئے کا منصوبہ ہے اور پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ ضلع میدک کے لئے ایک لائف لائن کے مماثل ہے۔