عادل آباد 3 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست میں پہلی مرتبہ منعقد کئے جانے والے ’’پشکرالو‘‘ میں 8 کروڑ عقیدت مندوں کی شرکت کا لحاظ رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے 600 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ یہ بات ریاستی وزیر مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے ضلع پرجا پریشد کے اجلاس کے آغاز سے قبل بتاتے ہوئے کہاکہ ریاست میں ’’پشکرالو‘‘ کو کمبھ میلے کے طرز پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جاریہ ماہ کی 14 تاریخ تا 25 تاریخ جاری رہنے والے پشکرالو میں فضائی سروے کی غرض سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دو ہیلی کاپٹرس کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن نے پشکرالو انتظامات پر تفصیلات سے واقف کروایا اور 3 جولائی سے ’’ہریتا ہارم‘‘ پروگرام کے آغاز پر ہر فرد کو اس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا۔ ضلع کلکٹر نے کہاکہ تلنگانہ چیف منسٹر 5 جولائی کو ضلع کریم نگر سے عادل آباد میں داخل ہوں گے جہاں موصوف کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ ڈنڈے پلی، جنارم، مامڑہ منڈل جات سے ہوکر نرمل پہونچیں گے۔ بعدازاں نظام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر اس دوران مختلف مقامات پر ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا رسمی طور پر افتتاح کرنے کے علاوہ ہریتا ہارم کے تحت شجرکاری میں حصہ لیں گے۔ بعدازاں ضلع پریشد اجلاس میں مختلف اُمور پر غور و خوض کیا گیا۔ ایجنڈے میں موجود 50 کے منجملہ چند اہم محکمہ جات کے مسائل زیربحث رہے۔ اس اجلاس کی صدارت شریمتی شوبھا رانی صدرنشین ضلع پریشد نے کی جبکہ ارکان اسمبلی مسٹر وٹھل ریڈی، راٹھوڑ بابو راؤ، درگم چنپا، شریمتی ریکھا نائک ، ضلع پریشد اراکین بھی موجود تھے۔