قاضی پیٹ۔/22اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروایا گیا جامع گھریلو سروے صد فیصد کامیاب رہا۔ ضلع بھر میں جامع گھریلو سروے سے عوام میں مسرت کی لہر دوڑ گئی جبکہ چند افراد خاندان میں تشویش کی لہر دوڑی۔ جامع گھریلو سروے سے غیر قانونی طور پر سفید راشن کارڈس حاصل کئے جانے والے افراد پر کارروائی کئے جانے کے خدشات کے سلسلہ میں چند افراد اپنی رہائش گاہ پر تالے لگاکر چلے گئے۔ ضلع ورنگل میں کل ملاکر 11,45,611 خاندانوں کی جامع گھریلو سروے سے نشاندہی کی گئی۔ جبکہ10,68,743 افراد ضلع میں ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ایک لاکھ سے زائد خاندانوں میں اضافہ درج کیا گیا جبکہ 34,465 مکانات پر تالے لگے ہوئے دیکھے گئے۔ ضلع کے 43,000 عہدیدار جامع گھریلو سروے کئے۔ چند علاقوں میں سروے وقت پر نہ کئے جانے پر ضلع ورنگل میں 21,20 سروے کئے گئے۔ جامع گھریلو سروے سے مسلم خاندانوں میں اضافہ ہوا۔ جامع گھریلو سروے کے سلسلہ میں کئی افراد دیگر ضلع میں ہونے کے باوجود سروے کے پیش نظر بھاری تعداد میں اپنے اپنے آبائی وطن آگئے اور اس سروے کو کامیاب بنایا۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر ورنگل جی کشن نے نامہ نگار سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سروے پروگرام سے غریب اور مستحق افراد میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ فلاحی اسکیمات کیلئے منعقد کیا گیا۔ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع بھر میں جامع گھریلو سروے پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا اورغریب مستحق خاندانوں میں ہی یہ اسکیمات تقسیم کرنے کا بیڑہ اپنے سر پر اٹھایا ہے۔