نلگنڈہ۔/26اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں موسم گرما کی شدت میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ عوام گھروں میں مقید رہنے کو ترجیح دینے کی وجہ سے سڑکیں کرفیو جیسا منظر پیش کررہی ہیں۔ ٹھنڈے مشروبات، کولرس کی دکانوں پر ہی عوام دکھائی دے رہے ہیں۔ موسم گرما کے آغاز پر ہی ضلع میں دھوپ کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ سے عوام دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلئے صبح کے اوقات میں کام کاج مکمل کرتے ہوئے گھروں پر ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ صبح 9 بجے سے ہی دھوپ شدید رہنے پر بازاروں میں کام کاج مکمل کرتے ہوئے جھلسادینے والی دھوپ سے بچنے کیلئے گھروں میں رہنے کو لوگ ترجیح دے رہے ہیں۔ آج ضلع مستقر پر 44 ڈگری درجہ حرارت درج ہوا ہے۔ دوپہر سے قبل ہی بازاروں میں کرفیو جیسا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ عوام ٹھنڈی چیزوں کے استعمال پر توجہ دے رہے ہیں۔ مشروبات کی دکان اور کولرس کی دکان پر ہی عوام دکھائی دے رہے ہیں۔ ضلع نظم و نسق کی جانب سے دھوپ اور گرمی سے احتیاط کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیلئے اقدامات
محبوب نگر۔/26اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر کے سرکاری گورنمنٹ جونیر کالج میں طلباء کی تعداد میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ہدایت ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسر وجئے لکشمی نے دی۔ منگل کے دن انہوں نے اپنے آفس میں منعقدہ جونیر کالجس کے پرنسپالس کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالجس میں مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے طلباء کے والدین اور سرپرستوں کو واقف کروایا جائے۔انہوں نے گزشتہ تین برس سے طلباء کی تعداد اور نتائج کی تفصیلات حاصل کیں اور استفسار کیا کہ نئے تعلیمی سال کیلئے داخلوں سے متعلق پرنسپالس کیا اقدامات کررہے ہیں۔