ندی ، تالاب، کنٹے لبریز، مواضعات کے راستے منقطع، عام زندگی مفلوج
نلگنڈہ 23 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ تین دنوں سے ہورہی مسلسل بارش سے ضلع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ ضلع میں ہورہی موسلا دھار بارش سے کئی ایک تالابوں اور کنٹوں میں شگاف پڑنے سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ سو سے زائد ایکر اراضی پر مشتمل کپاس اور مرچ کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ضلع میں مکان منہدم ہونے سے ایک 75 سالہ ضعیف خاتون فوت ہوگئی۔ ضلع کلکٹر نے عام تعطیل کا اعلان کیا۔ ضلع نلگنڈہ مستقر پر واقع موتی کنٹہ تالاب لبریز ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ نلگنڈہ مستقر میں کل رات ہوئی طوفانی بارش سے دی ہوئی کالونی پانگل چوراستہ ، بلدی حلقہ نمبر 39 کے نشیبی مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ ضلع نظم و نسق کی جانب سے فوری راحت پہونچانے کے لئے دفتر ضلع کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے ٹول فری نمبر 18004251442 فراہم کیا گیا ہے۔ ضلع کے چوٹ اپل منڈل میں واقع لکارم تالاب لبریز ہوگیا ہے۔ کٹنگور منڈل کے آصف نگر کنال میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ربط منقطع ہوگیا ہے۔ بھونگیر رامنا پیٹ آمد و رفت میں خلل پیدا ہوگیا ہے۔ ضلع کے بھونگیر بی بی نگر، بوملا رامارم، ترکاپلی، راجو پیٹ جو سنگین خشک سالی سے دوچار تھے ضلع کے ویمل پلی منڈل میں واقع پالیر تالاب لبریز ہیں۔ مریال گوڑہ، سوریا پیٹ آمد و رفت مسدود ہوگئی۔ منڈل کے راؤلا پینٹا، کلاوالا ، پالیم، بھیمارم، اغا موتکور، بھیمنا پلی و دیگر مقامات پر کلورٹوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔ ضلع دامرچرلہ منڈل میں بھی کئی ایک کلورٹوں کو نقصان پہونچانے کی وجہ کپاس اور مرچ کے علاوہ دھان کی فصلوں کو شدید نقصان ہوا۔